پنجاب میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف چلائی جا رہی مہم میں بلڈوزر کے استعمال کی مخالفت کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی اور سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے 19 مارچ کو یو- ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ وہ ‘پوری طرح سے’ پنجاب پولیس اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی اور سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ۔ (تصویر بہ شکریہ: پی ٹی آئی)
نئی دہلی: پنجاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ ) حکومت کے ذریعے ریاست میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف چلائی جا رہی مہم کی ابتدائی طور پر کی مخالفت کرنے کے بعدعآپ کے راجیہ سبھا ایم پی اور سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے 19 مارچ کو یو- ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ وہ ‘پوری طرح سے’ پنجاب پولیس اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ان کے موقف میں یہ تبدیلی اس وقت آئی ، جب پارٹی رہنماؤں نےان کے پہلے بیان کو ‘بالکل نامناسب’ قرار دیا۔
ہربھجن سنگھ نے منگل (18 مارچ) کو کہا تھا، ‘میں گھروں کو گرانے کے حق میں نہیں ہوں۔ بلکہ منشیات سپلائی کرنے والوں اورا سمگلروں کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہیں منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ کسی بھی گھر کو گرانا درست نہیں ہے، جو خاندان کے دوسرے افراد کو پناہ دیتا ہے۔ میں نہیں جانتا کہ یہ گھر کیسے اور کس کے پیسے سے بنائے گئے لیکن کوئی اور آپشن ضرور ہونا چاہیے۔ یہ صحیح طریقہ نہیں ہے۔’
سابق ہندوستانی کرکٹر سنگھ نے کہا تھا کہ حکومت گھروں کو گرانے کے بجائے اس جگہ کو خالی کرنے سے پہلے وہاں رہنے والے لوگوں کو منتقل کرنا چاہیے۔
سنگھ کے بلڈوزر کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے کے بعدعآپ لیڈر سومناتھ بھارتی نے ان کے بیان پر تنقید کی تھی۔
سومناتھ بھارتی نے کہا تھا، ‘ہربھجن سنگھ جی، مجھےپتہ چلا کہ آپ نےاپنے پنجاب کے نوجوانوں اور پنجاب کے مستقبل کو برباد کر نے والےڈرگ مافیاؤں کےخلاف عآپ کی پنجاب حکومت کی بلڈوزر کارروائی کی مخالفت کی ہے۔ ان ڈرگ مافیاؤں نے لاکھوں خاندان برباد کر دیے، بزرگ والدین کے خواب چکنا چور کر دیے، نئی نویلی دلہنوں کے خوابوں کو آگ لگا دی اور آپ ان کا ساتھ دے رہے ہیں؟ ڈرگ مافیا کے حق میں آپ کا بیان بالکل نامناسب ہے۔’
اس کے بعد ہربھجن سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک وضاحت پوسٹ کی، جس میں انہوں نے یو- ٹرن لیا اور عآپ حکومت کے اقدام کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا، ‘میں یہ بات بالکل واضح کر دوں ۔عآپ حکومت پنجاب کی پہلی حکومت ہے جس نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف اتنی سخت کارروائی کی ہے۔ میں پنجاب پولیس اور حکومت کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ آخر کار ہمارے پاس ایسی حکومت ہے جو منشیات کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے اور پیغام واضح ہے۔ ہم مل کر منشیات کے خلاف یہ جنگ جیتیں گے۔’
سنگھ نے مزید لکھا، ‘آئیے ہم اپنی عظیم ریاست کو کسی بھی قسم کی لت سے پاک بنائیں۔’
Let me make it very clear. @AAPPunjab govt is the first govt in Punjab taking such drastic action against drug’s smugglers. I stand in complete support of Punjab Police and the government. Finally we have a govt which is serious about eradicating drugs and the message is clear .…
— Harbhajan Turbanator (@harbhajan_singh) March 19, 2025
واضح ہو کہ پنجاب حکومت نے 28 فروری کو شروع کی گئی اپنی ‘یدھ نشیاں ویرود’ (منشیات کے خلاف جنگ) مہم کے تحت منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث افراد سے متعلق دو درجن سے زائد ‘غیر قانونی ڈھانچے’ کو مسمار کر دیا ہے۔
Categories: خبریں