خاص خبر

اتراکھنڈ: تین اضلاع میں 15 جگہوں کے نام بدلے، اپوزیشن نے کہا – کام کے بجائے نام بدلنے کا تماشہ

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے تین اضلاع میں 15 مقامات کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس قدم کا مقصد ان عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کرکے لوگوں کو تحریک دینا ہے جنہوں نے’ہندوستانی ثقافت کے تحفظ’ میں اپنا کردار ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ ہری دوار، دہرادون، نینی تال اور ادھم سنگھ نگر اضلاع میں 15 مقامات کے نام تبدیل کیے جائیں گے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ ہری دوار، دہرادون، نینی تال اور ادھم سنگھ نگر اضلاع میں 15 مقامات کے نام تبدیل کیے جائیں گے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوموار (31 مارچ) کو ایک اعلان میں کہا کہ ہری دوار، دہرادون، نینی تال اور ادھم سنگھ نگر اضلاع میں 15 مقامات کے نام ‘عوامی جذبات اور ہندوستانی ثقافت اور ورثے’ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تبدیل کیے جائیں گے۔

دھامی نے کہا کہ اس قدم کا مقصد ان عظیم ہستیوں کا اعزاز دے کر لوگوں کو تحریک دینا ہے جنہوں نے ‘ہندوستانی ثقافت کے تحفظ’ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ہری دوار ضلع میں اورنگزیب پور کا نام بدل کر شیواجی نگر، غازی والی کا نام بدل کر آریہ نگر، چاند پور کا نام بدل کر جیوتی با پھولے نگر، محمد پور جٹ کا نام بدل کر موہن پور جاٹ، خان پور کرسلی کا نام تبدیل کر کے امبیڈکر نگر،اندریش پور کا نام نند نگر، خان پور کا نام شری کرشن پور کااور اکبر پور فاضل پور کا نام وجئے نگر رکھا جائے گا۔

دہرادون ضلع میں میانوالہ کا نام بدل کر رام جی والا، پیر والا کا نام بدل کر کیسری نگر، چاند پور خورد کا نام بدل کر پرتھوی راج نگر اور عبداللہ نگر کا نام تبدیل کر کے دکش نگر رکھا جائے گا۔

نینی تال ضلع میں نوابی روڈ کا نام اٹل مارگ رکھا جائے گا اور پن چکی سے آئی ٹی آئی تک کی سڑک کا نام گرو گولوالکر مارگ رکھا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی اودھم سنگھ نگر ضلع میں سلطان پور پٹی میونسپل کونسل کا نام بدل کر کوشلیہ پوری کر دیا جائے گا۔

حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اقدام کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے ۔

پارٹی کے ریاستی میڈیا انچارج منویر چوہان نے کہا، ‘بھارتیہ جنتا پارٹی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ یہ فیصلہ ایک طرف تو ہندوستانی ثقافت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اعزاز سے نواز کر لوگوں کی حوصلہ افزائی کرے گا تو دوسری طرف غیر ملکی حملہ آوروں کے مظالم سے بھی آگاہ کرے گا۔ ‘

وہیں، اپوزیشن کانگریس نے کہا کہ وہ نہ تو اس قدم کی حمایت میں ہے اور نہ ہی اس کے خلاف ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے کہا ، ‘نام بدلنا بی جے پی کا ایجنڈہ بن گیا ہے کیونکہ ان کے پاس دکھانے کے لیے کوئی حقیقی کام نہیں ہے۔ وہ گزشتہ ساڑھے آٹھ سالوں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور عوام ان سے سوال کر رہے ہیں۔ عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے نام بدلنے کا یہ تماشہ کررہے ہیں۔’