خاص خبر

مہاراشٹر: اسکول پروگرام میں ’پاکستانی گیت‘ بجانے کے الزام میں پرنسپل سمیت تین پر کیس درج

واقعہ جالنہ ضلع کا ہے، جہاں الزام لگایا گیا ہے کہ ایک اسکول نے اپنے سالانہ پروگرام میں پاکستانی موسیقی بجائی اور پیشکش کے دوران ایک پاکستانی شدت پسند کی تصویر بھی دکھائی گئی۔ تاہم، اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ پروگرام میں بجائی گئی موسیقی پاکستانی نہیں تھی بلکہ مقبول ترکی ٹی وی سیریل ’ارطغرل غازی‘ کی تھی، اور دکھائی گئی تصویر بھی اسی سیریل کے ایک اداکار کی تھی۔

(علامتی تصویر بہ شکریہ: Pixabay)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے ضلع جالنہ میں واقع ایک اسکول کے سالانہ پروگرام سے متعلق ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسکول کے پرنسپل اور دو اساتذہ کے خلاف پولیس نے معاملہ درج کیا ہے۔

دعویٰ کیا گیا تھا کہ مارچ 2025 میں منعقد اس پروگرام کے دوران طلبہ نے ایک پاکستانی گانے پر پرفارم کیا تھا۔

پرتور پولیس نے جمعرات (18 جون) کو کڈز ورلڈ انگلش اسکول کے پرنسپل صدیقی اور اسکول کے دو ملازمین کے خلاف کیس  درج کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے تحت درج الزامات میں ہندوستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات، مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا، قومی یکجہتی کو متاثر کرنے والی گمراہ کن معلومات پھیلانا اور لوگوں میں خوف یا تشویش پیدا کرنے والا مواد نشر کرنا شامل ہے۔

سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹوں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ پروگرام میں بجائی گئی موسیقی پاکستانی تھی اور پیشکش کے دوران پاکستانی شدت پسند ممتاز قادری کی تصویر بھی دکھائی گئی تھی۔

دریں اثنا، مقامی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)ایم ایل اے بابن راؤ لونیکر نے اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی اور اسکول کی منظوری رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم، اسکول کے پرنسپل صدیقی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پروگرام میں بجائی گئی موسیقی کوئی پاکستانی گیت نہیں تھا بلکہ مقبول ترکی ٹی وی سیریل ’ارطغرل غازی‘ سے لی گئی تھی۔

انہوں نے صحافیوں سے کہا، ’پیشکش کے دوران جو تصویر دکھائی گئی تھی، وہ ’ارطغرل غازی‘ کے ایک اداکار کی تھی۔ کچھ لوگوں نے ویڈیو میں چھیڑ چھاڑ کرکے گمراہ کن مواد تیار کیا اور اسے سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔ ‘

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ جاری ہے اور پیشکش کے دوران استعمال کی گئی موسیقی اور دکھائی گئی تصویروں سمیت تمام حقائق کی تصدیق کی جا رہی ہے۔