خبریں

دی وائر کے خلاف معاملے میں کورٹ نہیں پہنچے جے امت شاہ کے وکیل

عدالت نے وقت دیتے ہوئے معاملے کی شنوائی 16اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔

amit-shah-jay-shah-PTIنئی دہلی :بھاجپا صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے ذریعے نیوز پورٹل دی وائر کے خلاف دائر کیے گئے کریمنل ہتک عزتی کے مقدمے کی شنوائی بدھ کو یہاں ایک میٹروپالیٹن عدالت نے ملتوی کردی ۔عرضی دہندہ جے شاہ کے وکیل کے عدالت میں حاضر نہیں ہونے کی وجہ سے شنوائی ملتوی کی گئی ۔جے شاہ کے وکیل نے احمدآباد کے ایڈیشنل میٹروپالیٹن مجسٹریٹ ایس کے گڑھوی سے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ سنیئر وکیل ایس وی راجو عدالت میں پیش نہیں ہوسکے کیوں کہ وہ ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مودی حکومت آنے کے بعد امت شاہ کے بیٹے کی کمپنی کے ٹرن اوور میں 16000 گنا اضافہ

عدالت نے وقت دیتے ہوئے معاملے کی شنوائی 16اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔جے شاہ نے خبر کو لے کر سوموار کو میٹرو پالیٹن عدالت میں کریمنل ہتک عزتی کا معاملہ دائر کیا تھا۔خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی فرم ٹیمپل انٹرپرائزیز کا ٹرن اوور بھاجپا کے 2014میں حکومت میں آنے کے بعد بے حد تیزی سے بڑھا۔مجسٹریٹ نے آئی پی سی کی دفعہ 202کے تحت عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مان ہانی کا فیصلہ اگر بیٹے کا تھا تو وزیر ریل کیوں اعلان کر رہے تھے؟

غور طلب ہے کہ دی وائر کے بانی مدیران نے جے امت شاہ کی طرف سے کیے گئے اس مقدمے کو پریس کی آزادی پر حملہ بتایا ہے،اور کہا ہے کہ ہم آخر تک اس کیس کو لڑیں گے۔واضح ہو کہ اس مقدمے میں صحافی روہنی سنگھ کے علاوہ دی وائر کے بانی مدیران سدھارتھ وردراجن ،ایم کے وینواور سدھارتھ بھاٹیہ کے ساتھ ساتھ مینجنگ ایڈیٹر، پبلک ایڈیٹر اوردی وائر کو چلانے والے غیر منافع بخش ادارہ فاؤنڈیشن فار انڈی پینڈنٹ جرنلزم کو نامزد کیا گیا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)