خبریں

سی بی آئی جج لویا کی موت کی تفتیش سے جڑی عرضی پر سپریم کورٹ کرے‌گا سماعت

مہاراشٹر کے ایک صحافی کے ذریعے دائرپی آئی ایل میں جج لویا کی موت کو حساس بتاتے ہوئے اس کی غیر جانبدارانہ تفتیش کرانے کی مانگ کی گئی تھی۔

Photo: The Caravan/PTI

Photo: The Caravan/PTI

سہراب الدین شیخ انکاؤنٹر معاملے میں سماعت کر رہے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج برج گوپال ہرکشن لویا کی موت کی آزادانہ تفتیش کی عرضی پر جمعہ کو سپریم کورٹ سماعت کرے‌گا۔یہ پی آئی ایل مہاراشٹر کے صحافی بی۔آر لون کے ذریعے دائر کی گئی تھی، جس میں اس معاملے کو حساس بتاتے ہوئے ان کی پُراسرار موت کی غیر جانبدارانہ تفتیش کرانے کی مانگ کی تھی۔ واضح  ہو کہ جج لویا سہراب الدین شیخ انکاؤنٹر معاملے کی سماعت کر رہے تھے، جس میں گجرات پولیس کے مختلف اعلیٰ افسروں سمیت بی جے پی صدر امت شاہ کا نام جڑا تھا۔

سپریم کورٹ میں وکیل انیتا شینائے کے ذریعے یہ معاملہ چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اےایم کھانولکر اور ڈی۔وائی چندرچوڑ کی عدالتی بنچ کے سامنے رکھتے ہوئے اس پر جلد سے جلد سماعت کرنے کی مانگ کی گئی تھی، جس کو اس بنچنے منظور کیا۔ جمعہ کو یہ معاملہ اس بنچ کے سامنے رکھا جائے‌گا۔واضح ہوکہ جج لویا کی موت 1 دسمبر 2014 کو ناگ پور میں ہوئی تھی، جس کی وجہ دل کا دورہ پڑنا بتایا گیا تھا۔ وہ ناگ پور اپنے معاون جج سوپنا جوشی کی بیٹی کی شادی میں گئے ہوئے تھے۔

برج گوپال لویا کے رشتہ داروں سے ہوئی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے نومبر 2017 میں دی کارواں رسالہ میں شائع ہوئی ایک رپورٹ میں لویا کی موت کی مشکوک صورتحال پر سوال اٹھائے گئے تھے، جس کے بعد یہ معاملہ پھر سے بحث کا موضوع بنا تھا۔اس میگزین کی رپورٹ کے بعد سابق ججوں کے ذریعے اس معاملے کی تفتیش کی مانگ کی گئی تھی۔

دسمبر مہینے میں ممبئی لایرس ایسوسی ایشن کے ذریعے بھی ممبئی ہائی کورٹ میں لویا کی موت پر مفاد عامہ عرضی دائر کر تفتیش کی مانگ کی گئی تھی، ساتھ ہی ایک شہری گروپ نے بھی کمیشن بناکر جج لویا کی موت کی تفتیش کی مانگ اٹھائی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)