خبریں

بہار میں موہن بھاگوت دنگا پلان کرنے آئے تھے:تیجسوی

تیجسوی نے کہا کہ موہن بھاگوت 14 دن کے سفر میں لوگوں کو دنگا کی  ٹریننگ دے گئے ہیں ۔ اب لوگوں کو ان کا ایجنڈہ سمجھ میں آرہا ہے ۔

علامتی تصویر / فوٹو : پی ٹی آئی

علامتی تصویر / فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی:بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادونے ریاست کے کئی اضلاع میں ہوئے تشددکے لئے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جےپی )کو ذمہ دار قراردیا اورکہا کہ روزگار سمیت دیگر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کیا جارہاہے ۔

آج تکاور اے این آئی کے مطابق ؛تیجسوی نے کہا کہ پورے بہار میں جس طریقے سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ دنگا بھڑکا رہے ہیں وہ باعث تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ بہار میں موہن بھاگوت 14دنوں تک رکے تھے ،اپنے قیام میں وہ اس حادثے کو ڈیزائن کر کے گئے تھے۔تیجسوی نے کہا کہ چودہ دن وہ لوگوں کو یہی ٹریننگ دے گئے ہیں ۔اب لوگوں کو ان کا ایجنڈہ سمجھ میں آرہا ہے ۔ان لوگوں کو پہلے ہی پتا تھا کہ یہ لوگ ضمنی انتخاب میں ہار رہے ہیں ۔اس وجہ سے ایسا کر رہے ہیں۔

مسٹریادو نے آج ایک کےبعد ایک کئی ٹوئٹ کرکے بی جےپی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا،’’ہم نوجوانوں کو ملازمت اور بے روزگاروں کوروزگار دینے کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی توجہ ہٹانے کےلئے تشدد بھڑکاتی ہے ۔‘‘انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بتانا چاہئے کہ انھوں نے بی جے پی کے منشور میں کئے گئے کتنے وعدے ابھی تک پورے کئے ہیں ۔وزیراعظم بتائیں کہ آخر انھوں نے نوجوانوں کو دھوکہ کیوں دیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں مسٹر یادو نے کہا ،’’میری بہار کے سبھی دلت ،مہادلت ،پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ جاگیرداروں کا مہرہ بننے سے بچیں ۔

تیجسوی نےاپیل کرتے ہوئےمزید لکھا ہے کہ ؛

وہ سبھی پسماندہ ہندؤوں کو لڑاکر اقتدار پر قبضہ کرکے منووادی اور برہمن وادی نظام کو پوری جارحیت کے ساتھ نافذ کرنا چاہتے ہیں ۔انکے ناپاک عزائم سے محتاط رہنا ہوگا۔سبھی کو ملکر پر امن طریقہ سے رہناہے کیونکہ ذات پات اور نسل پرست سنگھی ہمیں تقسیم کرکے حکومت کرناچاہتے ہیں ۔یہ ہمارے حقوق پر بات نہیں کرنا چاہتے بلکہ ہمیں دوسرے معاملات میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں ۔ ‘‘

(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ۔)