خبریں

بی جے پی سب سے امیرپارٹی،ایک سال میں 81.18 فیصد بڑھی آمدنی:اے ڈی آر

سال 17-2016 میں ملک کی سات نیشنل پارٹی نے کل 1559.17 کروڑ روپے کی آمدنی کا اعلان کیا۔ بی جے پی کی آمدنی سب سے زیادہ 1034.27 کروڑ روپے رہی، جو کل رقم کا 66.34 فیصد ہے۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: سال 17-2016 میں ملک کی سات نیشنل پارٹی نے کل 1559.17 کروڑ روپے کی آمدنی کا اعلان کیا۔ان میں بی جے پی کی آمدنی سب سے زیادہ 1034.27 کروڑ روپے رہی۔دہلی میں واقع اے ڈی آر(Association for Democratic Reforms)نے منگل کو جاری ایک رپورٹ میں کہا ہے، ‘ یہ رقم سال 17-2016 میں قومی جماعتوں کے ذریعے جمع کی گئی کل رقم کا 66.34 فیصد ہے۔’ اس آمدنی کے لحاظ سے انڈین نیشنل کانگریس(آئی این سی) کا دوسرا مقام رہا ہے۔ کانگریس کو یکساں مدت میں قومی جماعتوں کو حاصل کل رقم میں سے 225.36 کروڑ روپے یعنی 14.45 فیصد رقم ملی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی پی آئی کو اس دوران سب سے کم 2.08 کروڑ روپے یعنی 0.13 فیصد کی آمدنی ہوئی ہے۔یہ اعداد و شمار پورےملک کی سیاسی پارٹیوں کے ذریعے داخل کئے گئے انکم ٹیکس ریٹرن سے یکجا کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سات نیشنل پارٹیوں نے متعلقہ سال میں 1228.26 کروڑ روپے کے کل خرچ کا اعلان کیا ہے۔بی جے پی نے 17-2016 میں سب سے زیادہ 710.05 کروڑ روپے کا خرچ دکھایا ہے۔ جبکہ کانگریس نے اس دوران کل 321.66 کروڑ روپے کا خرچ کیا ہے جو کہ اس کی سالانہ آمدنی سے 96.30 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
بی ایس پی کو17-2016میں کل 173.58 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے جبکہ اس کا کل خرچ 51.83 کروڑ روپے رہا ہے۔ایک سال کے وقفہ (16-2015 سے17-2016) کے دوران بی جے پی کی آمدنی 81.18 فیصد بڑھی ہے۔ اس دوران بی جے پی کی آمدنی 570.86 کروڑ روپے سے بڑھ‌کر 1034.27 کروڑ روپے ہو گئی جبکہ اس مدت میں کانگریس کو ملنے والی رقم 261.56 کروڑ روپے سے کم ہو‌کر 225.36 کروڑ روپے رہ گئی۔این سی پی کی آمدنی گزشتہ دو سال میں 88.63 فیصد بڑھ‌کر 17.23 کروڑ روپے ہو گئی۔16-2015میں این سی پی کی کل آمدنی 9.14 کروڑ روپے تھی۔
بی جے پی اور کانگریس نے عطیہ اورچندے  کو اپنی آمدنی کا بنیادی ذریعہ بتایا ہے۔سیاسی جماعتوں کے لئے سالانہ آڈٹ کھاتوں کو داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2017 تھی۔ بی جے پی نے اپنے کھاتوں کی جانکاری 99 دن کی تاخیرسے 8 فروری 2018 کو دی تو وہیں کانگریس نے 138 دن کی دیری کے ساتھ 19 مارچ 2018 کو اپنے کھاتوں کی جانکاری کا انکشاف کیا۔اے ڈی آر نے یہ بھی کہا کہ سات قومی جماعتوں میں سے چاربی جے پی، کانگریس، این سی پی اور سی پی آئی نے گزشتہ پانچ سالوں سے اپنی آڈٹ رپورٹ جمع کرنے میں مسلسل تاخیر کی ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کےان پٹ کے ساتھ)