خبریں

جتنے بھی ہندو دھرم والے دہشت گرد پکڑے گئے سب آر ایس ایس کے کارکن ہیں : دگوجئے سنگھ

سینئر کانگریسی رہنما  دگوجئے سنگھ پہلے بھی سنگھ پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام لگا چکے ہیں۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: سینئر کانگریسی رہنما دگوجئے سنگھ نے آر ایس ایس کو دہشت گردی پھیلانے والی تنظیم کہا ہے ۔ مدھیہ پردیش میں ایکتا یاترا کر رہے دگوجئے سنگھ نے جھبوآ میں کہا کہ جتنے بھی ہندو مذہب والے دہشت گرد پکڑے گئے ہیں سب سنگھ کے کارکن رہے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق،سینئر کانگریسی لیڈر نے کہا کہ ؛ ناتھو رام گوڈسے جس نے مہاتما گاندھی کا قتل کیا تھا اس کا تعلق  بھی سنگھ سے تھا۔ یہ آئیڈیالوجی  نفرت پھیلاتی ہے، نفرت سے تشدد ہوتا ہے جو دہشت گردی پیدا کرتی ہے۔ دگوجئے سنگھ پہلے بھی سنگھ پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام لگا چکے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ ابھی کچھ دن پہلے ہی انھوں نے ‘ہندو دہشت گردی’ لفظ استعمال کرنے پر صفائی دی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ کبھی’ ہندو دہشت گردی’ لفظ کا ستعمال نہیں کیا ، ہاں ‘سنگھی دہشت گردی’ کی بات کہی تھی۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا،’ آپ کے پاس غلط اطلاع ہے کہ دگوجئے سنگھ نے ہندو دہشت گردی کی بات کہی ہے۔ میں نے ہمیشہ سنگھی دہشت گردی کی بات کی ہے۔’ انھوں نے آگے کہا ،’ کوئی بھی دہشت گردی کا معاملہ  مذہب کی بنیاد پر طے نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی بھی مذہب دہشت گردی کو سپورٹ نہیں کرتا۔’