خبریں

کرناٹک: کسانوں کے لئے 34 ہزار کروڑ کی قرض معافی کا اعلان

وزیر اعلیٰ نے  کسانوں کے2 لاکھ روپے تک کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کسانوں سے ملاقات کرتے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی/فوٹو : پی ٹی آئی

کسانوں سے ملاقات کرتے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی/فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی جمعرات کو اپنا پہلا بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کسانوں کی قرض معافی کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے  ہر کسان کے2 لاکھ روپے تک کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سی ایم نے  34 ہزار کروڑ روپے کی قرض معافی کا اعلان کیا ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس اور جے ڈی ایس نے اپنے اپنے  منشور میں اس کا اعلان کیا تھا۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ، یہ میرا پہلا تجربہ ہے، میں اس کو چیلنج کے طورپر دیکھتا ہوں ۔ انھوں نے یقین دلانے کی کوشش کی کہ انتخابی منشور میں کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت پر عزم  ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس اور جے ڈی ایس نے اپنے اپنے  منشور میں اس کا اعلان کیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛ کسانوں کو نئے قرض لینے میں مدد کرنے کے لیے حکومت ڈفالٹنگ اکاؤنٹس سے ایریئر ختم کر دے گی جس سے کلیرینس سرٹیفکیٹ آسانی سے مل سکیں گے۔ اس کے لیے 6500 کروڑ روپے تفویض کیے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں  31 دسمبر 2017 تک لیے گئے قرض معاف کیے جائیں گے۔ جن کسانوں نے طے مدت کے اندر قرض ادا کر دیے ہیں ،ان کو حوصلہ افزائی کے طور پر ادا کی گئی رقم یا 25 ہزار روپے ،جو بھی کم ہوا، حکومت ادا کرے گی۔

واضح ہو کہ اس سے پہلے بدھ کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر  کے یقین دلایا تھا کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے کے مطابق کسانوں کا قرض معاف کرے گی اور یہیں سے پورے ملک کے کسانوں کے لیے امید پیدا ہوگی۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا؛ ‘ کرناٹک میں بجٹ کے پہلے کی شام پر مجھے پورا یقین ہے کہ کانگریس -جے ڈی ایس حکومت کسانوں کی قرض معافی کرنے اور  زراعت کو زیادہ منافع بخش  بنانے کے ہمارے وعدے کو پورا کرے گی۔’ انھوں نے کہا،’ یہ بجٹ پورے ملک کے کسانوں کی خاطر کرناٹک کو امید کی کرن بنانے کے لیے ہماری حکومت کے پاس ایک موقع کی طرح ہے۔’

حکومت نے جہاں ایک طرف کسانوں کا فرض معاف کیا وہیں دوسری طرف پیٹرول ،ڈیزل اور بجلی کی قیمت بڑھا دی ہے ۔ بجٹ میں پیٹرول کی قیمت 1.14 فی لیٹر، ڈیزل 1.12فی لیٹراور بجلی کی شرحیں 20 پیسے بڑھا دی گئی ہیں۔