اس پہل کی شروعات 2013 میں طلبا کو ماحولیات سے متعلق تربیت دینے کے مقصد سےکی گئی تھی۔ فیض محمد نے اپنی 150 درہم عیدی سے 130 بیگ خریدے اور انہیں کرانے کے دکانوں پر بانٹا۔ اس نے پلاسٹک بیگ کا استعمال کم کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایا۔
نئی دہلی : دبئی میں ہندوستانی نژادکے ایک 10 سالہ بچے کو ماحولیات سے متعلق بیداری مہم شروع کرنے کے لئے انعام سے نوازا گیا ہے۔واضح ہو کہ فیض محمد نامی اس بچے نے پلاسٹک بیگ کی جگہ ماحولیات کومتاثر نہیں کرنے والے بیگ کے استعمال کو لے کر ایک مہم شروع کی ہے۔ اپنی عیدی کی رقم سےدوبارہ استعمال کیے جا نے والے بیگ(Tote Bag)خرید کر بانٹنے والے فیض محمد کو دبئی میونسپلٹی کے ’ Sustainability Ambassadors ‘کا اعزاز دیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اس پہل کی شروعات 2013 میں طلبا کو ماحولیات سے متعلق تربیت دینے کے مقصد سےکی گئی تھی۔ اس بچے نے اپنی 150 درہم عیدی سے 130 بیگ خریدے اور انہیں کرانے کے دکانوں پر بانٹا۔ اس نے پلاسٹک بیگ کا استعمال کم کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایا۔
خلیج ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق ؛ فیض محمد نے کرانے کی دکانوں سے سامان لے جانے کے لئے استعمال ہونے والے پلاسٹک بیگ کا حساب لگایا تو معلوم ہوا کہ سامانوں کی ڈیلیوری کے لئے1200 پلاسٹک بیگ کا استعمال ہوتا ہے۔ اس کے بعداس نےاپنی عیدی کی رقم سے دوبارہ استعمال کئے جانے والے بیگ خریدے اورالکرامہ میں اپنے گھر کے آس پاس ہر دکان کو پانچ پانچ بیگ دیئے۔اس نے مستقبل میں بھی اس طرح کے بیگ بانٹ کر پلاسٹک بیگ کے خلاف اپنی مہم کو آگے بڑھانے کی بات کہی ہے۔
خلیج ٹائمس کے مطابق دبئی میونسپلٹی میں ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عبدالمجید عبد العزیز اس لڑکے سے بہت خوش ہوئے اور انہو ں نے اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ؛اگر آپ یہ کام آگے بھی کرتے رہیں گے تو ہمیں ایک بڑی تبدیلی نظر آئے گی ۔میں چاہتا ہوں کہ آپ میری ٹیم کے ساتھ رابطہ رکھیں اور یو اے ای میں فضلات سے نپٹنے کے لئے اور نئے آئیڈیاز دے کر ہماری مدد کریں ۔
ان بیگوں کے ذریعہ فیض محمد نے فیفا ورلڈ کپ سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا ہے۔ ان بیگوں پراس نے ہاتھ سے WORLD CUP PORTUGAL 2018 اور FRANCE FIFA 2018جیسے الفاظ لکھے ہیں ۔خلیج ٹائمس کو دیئے اپنے انٹرویو میں اس نے کہا ؛میں نے ورلڈ کپ 2018کی ٹیموں کے نام لکھ کر بیگوں کو سجانا شروع کیا۔مجھے معلوم تھا کہ یہ ڈیزائن لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔ اس نے مزید کہا کہ وہ آگے بھی بیگ بانٹے گا مگر اس دفعہ کچھ پر کشش سلوگن کا استعمال کرے گا ۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں