خبریں

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ؛ ماب لنچنگ کے واقعات کو بے وجہ طول دیا جا رہا ہے

ملک میں ہورہی لنچنگ پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس ماب لنچنگ کے واقعات کو لے کر تل کا تاڑ بنا رہی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی :اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو کہا کہ ماب لنچنگ یا پیٹ پیٹ کر مار دیے جانے کے واقعات کو بے وجہ اہمیت دی جارہی ہے ۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ؛ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ان  باتوں کو بے وجہ طول دیا جارہا ہے ۔اگر آپ ماب لنچنگ کی بات کرتے ہیں تو 1984کیا تھا؟لاء اینڈ آرڈر بنائے رکھنا صوبے کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔کانگریس ماب لنچنگ کے واقعات کو لے کر تل کا تاڑ بنا رہی ہے ۔ اس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ؛ہم سبھی کو سیکورٹی مہیا کرائیں گے لیکن یہ ہر شخص ،کمیونٹی اور مذہب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کا دھیان رکھیں ۔ انسان اور گائے دونوں ہی اہم ہیں ۔دونوں کا قدرت میں اپنا اپنا رول ہے ۔ہر کسی کی حفاظت ہونی چاہیے۔

واضح ہو کہ 20جولائی کو راجستھان کے الور ضلع کے رام گڑھ تھانہ حلقہ میں مبینہ طور پر گئو تسکری کے شک میں بھیڑ نے اکبر خان نام کے ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر مار دیا تھا۔انڈیا اسپینڈ کی رپورٹ کے مطابق 2010سے گئو کشی کے شک میں اب تک بھیڑ کے ذریعے حملے کرنے کا 87معاملہ سامنے آیا ہےجن میں 34لوگوں کی جان گئی ہے اور 158لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ان اعداد وشمار کے مطابق 2014سے پہلے گئو کشی کے نام پر تشدد کے 2 معاملے ہوئے تھے ۔گئو کشی کے شک میں بھیڑ کے ذریعے پیٹ پیٹ کر مار دیے جانے کے معاملے 2014کے بعد سے سامنے آئے ہیں۔

اس طرح کے معاملوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے بھیڑ تنتر سے نپٹنے کے لیے حکومت کو قانون بنانے کو کہا تھا ،جس کے بعد وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے لنچنگ کے معاملوں سے نپٹنے کے لیے دو اعلیٰ سطحی کمیٹیاں بنانے کا اعلان کیا ہے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ اگر ضروری ہواتو ماب لنچنگ پر قانون بھی بنایا جائے گا۔