خبریں

آسام کی سابق واحد خاتون وزیر اعلیٰ سیدہ تیمور کا نام این آر سی میں نہیں

 آسام کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ سیدہ تیمور گزشتہ کچھ سالوں سے آسٹریلیا میں رہ رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ ان کا نام فہرست میں نہیں ہے۔

سیدہ تیمور

سیدہ تیمور

نئی دہلی : آسام کی واحد خاتون وزیر اعلیٰ سیدہ انورا تیمور کا نام این آر سی میں نہیں ہے اور انہوں نے اس رجسٹر میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کا نام درج کرانے کی کارروائی شروع کرنے کے لیے آسٹریلیا سے واپس آنے اسکیم بنائی ہے۔آسٹریلیا میں رہ رہیں سیدہ نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے کہا کہ ؛ یہ مایوس کن ہے کہ میرا نام فہرست میں نہیں ہے ۔ میں اگست کے آخری ہفتے میں آسام لوٹوں گی اور این آرسی میں اپنا نام اور اپنے اہل خانہ کانام درج کرانے کی کارروائی شروع کروں گی ۔

81سالہ سیدہ تیمور نے دسمبر 1980سے جون 1981 تک ریاستی حکومت کی قیادت کی تھی ۔ وہاں پچھلے کچھ سالوں سے بیمار رہی ہیں اور آسٹریلیا میں اپنے بیٹے کے ساتھ رہ رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ایک رشتہ دار کو این آر سی میں ان کے اہل خانہ کو شامل کرنے کے لیے درخواست جمع کرنے کو کہا تھا لیکن یہ کسی وجہ سے نہیں ہوسکا۔این آر سی سے جڑے افسروں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے اہل خانہ سے جڑے اعداد وشمار موجود نہیں تھے اور یہ ممکن نہیں ہوسکا کہ وہ یا ان کے فیملی کے ممبروں نے این آر سی کے مسودے میں اپنا نام شامل کرنے کے لیے درخواست کیا ہے یا نہیں ۔

سیدہ تیمور میں 1988میں راجیہ سبھا ممبر رہ چکی ہیں ۔اس کے علاوہ وہ 1972،1978،1983اور1991میں راجیہ ودھان سبھا کی ممبر بھی رہ چکی ہیں ۔ 2011میں کانگریس کا ساتھ چھوڑ کر وہ آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف)شامل ہوگئی تھیں ۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے اے آئی یو ڈی ایف کے جنرل سکریٹری  امین الاسلام نے بتایا کہ میڈیا رپورٹ سے ہمیں اس بات کی جانکاری ملی ہے کہ آسام کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ سیدہ تیمور کا نام این آر سی کے مسودے میں شامل نہیں ہوپایا ہے ۔ ان کے علاوہ سابق صدرجمہوریہ فخر الدین علی کے بھتیجے کا نام بھی شامل نہیں ہو پایا ہے ۔ یہ ایک گمبھیر مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ این آر سی  گڑبڑی سے بھرا پڑا پے ۔ اس کو لے کر این آر سی اسٹیٹ کوآرڈی نیٹر پرتیک ہجیلا سے ملاقات کی جائے گی ۔ اس کے بعد طے ہوگا کہ آگے کیا کیا جائے ۔ اس بیچ دس پور میں راجدھانی مسجد کے قریب سیدہ تیمورہ کی رہائش خالی ہے ۔ واضح ہو کہ این آر سی کا مکمل مسودہ گزشتہ 30 جولائی کو جاری کیا گیا ۔ اس میں 3.29 کروڑ لوگوں میں 2.89 لوگوں کے نام شامل کیے گئے ہیں ۔40 لاکھ سے زائدلوگوں کے نام شامل نہیں ہوسکے ہیں ۔

دریں اثنا سب رنگ انڈیا کی خبر کے مطابق آسام کے سابق ڈپٹی اسپیکر مولوی محمد امیر الدین کےرشتہ دار رفیق الاسلام کو غیر ملکی قرار دیا گیا ہے۔ان کو غیر ملکی قرار دینے کا فیصلہ اسی دن آیا ہے جس دن این آر سی کا آخری مسودہ جاری کیا گیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)