خبریں

پانچ بہترین کارکردگی والی ریاستوں میں سے بی جے پی کی حکومت والی صرف ایک ریاست  

ملک کی 29 میں سے 18 ریاستوں میں حکومت کرنے والی بی جے پی  5 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی ریاستوں کی فہرست میں صرف ایک ریاست ہماچل پردیش کی وجہ سے جگہ بنا پائی ہے ۔

batch_bjp-hindu-file-reuters

فوٹو : رائٹرس

نئی دہلی : ملک کی 5 بہترین گورننس والی ریاستوں میں سے4 بی جے پی کی حکومت والی ریاست  نہیں ہے۔ انڈیااسپینڈ کے مطابق؛ اس کا انکشاف بنگلور  کے تھنک ٹینک، ‘ پبلک افیئرس سینٹر ‘ (پی اے سی) کے ذریعے تیار پبلک افیئر س انڈیکس (پی اے آئی) کے ایک نئے مطالعے میں سامنے آیا ہے۔ واضح ہو کہ اس وقت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اکیلے یا سیاسی اتحاد کے طور پر ہندوستان کی  29 ریاستوں میں سے 18 ریاستوں پر حکومت کرتی ہے، جو ہندوستان کی تقریباً 63 فیصد آبادی کا گھر ہے۔

 لیکن صرف ایک ریاست ہماچل پردیش جس میں بی جے پی کی  حکومت ہے، ہندوستان کی 5 بہترین حکومت والی ریاستوں کی فہرست میں شامل ہے۔ پی اے سی کی رینکنگ کے سلسلے میں اول پانچ ریاستیں کیرل، تمل ناڈو، تلنگانہ، ہماچل پردیش اور کرناٹک ہیں۔ ان میں سے، کیرل میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی قیادت  والی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکس وادی)، تمل ناڈو میں اے آئی اے ڈی ایم کے، تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) اور کرناٹک میں جنتا دل (سیکیولر ) اور کانگریس اتحاد کی حکومت ہے۔

ٹاپ  10  میں جو تمام جنوبی ریاستیں شامل ہیں، ان میں سے کسی میں بھی بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔ اس فہرست کی 4 ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے اور 2 میں کانگریس (اکیلی یا اتحاد میں) کی حکومت ہے۔ تیلگو دیشم پارٹی کی حکومت والی ریاست آندھر پردیش 9ویں مقام پر ہے۔ یہ رینک اہم  ہے  کیونکہ بی جے پی ‘ سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘ جیسے نعرے کے ساتھ ترقی کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی۔

عظیم پریم جی یونیورسٹی کےفیکلٹی، نارائن اے نے انڈیااسپینڈ کو بتایا، “یہ (جنوبی) ریاستیں تاریخی طور پر اچھا مظاہرہ  کر رہی ہیں۔ یہ بی جے پی کی موجودگی یا غیرموجودگی نہیں ہے۔کیرل اور تمل ناڈو جیسے دیگر پسماندہ طبقوں اور ایس سی  کی ریاستوں کے لئے سیاست کی فطرت ایک وجہ  ہو سکتی ہے۔ “انہوں نے کہا کہ  سیاسی طور پر فعال آبادی بہتر مظاہرہ کرنے کے لئے حکومتوں پر دباؤ ڈالتی ہے۔

12 چھوٹی ریاستوں میں سے، جو اس فہرست میں شامل ہیں، ان میں سے 8 میں یا تو بی جے پی کی حکومت ہے یا بی جے پی اقتدار میں شامل ہے۔ گووا اور تریپورہ نے ٹاپ 5 میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ غیربی جے پی اقتدار والی ریاست کے طور پر میزورم، جہاں کانگریس کی قیادت والی  حکومت ہے، گووا اور سکم کے بعد تیسرے مقام پر ہے۔ 18 بڑی ریاستوں (20 ملین سے زیادہ آبادی کے ساتھ) میں، ٹاپ  4 جنوبی  ہندوستانی ریاستیں ہیں، اس کے بعد بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں گجرات اور مہاراشٹر ہیں۔

 بہار بڑی ریاستوں میں کی رینکنگ کی فہرست میں نچلی سطح پر ہے۔ بڑی ریاستوں کے لئے پی اے آئی انڈیکس کی سطح پر جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش دوسری ریاستیں تھیں۔ سبھی  4 بڑی ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ غور طلب ہے کہ 2016 میں پہلی بار پی اے آئی شائع ہونے کے بعد سے گجرات اقتصادی آزادی کے لئے مسلسل  پہلے مقام پر رہا ہے۔ بہار کو  بڑی ریاستوں کی لسٹ  میں آخری مقام دیا گیا  ہے۔