خبریں

ایس سی ایس ٹی کے لیے ہو رہے مظاہرے میں جنتر منتر پہنچے راہل گاندھی، سرکار پر بولا حملہ

گانگریس صدر نے کہا’وزیر اعظم مودی کی سوچ اور پالیسیاں دلت مخالف ہیں۔ جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تب انھوں نے کتاب لکھی تھی کہ دلتوں کو صفائی کرنے میں مزہ آتا ہے۔ پی ایم مودی کی یہی سوچ ہے۔‘

نریندر مودی اور راہل گاندھی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نریندر مودی اور راہل گاندھی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : ایس سی ایس ٹی بل کو لے کر جنتر منتر پر ہو رہے مظاہرے کو سپورٹ کرنے کے لیے کانگریس صدر راہل گاندھی یہاں پہنچے۔ راہل نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو دلت مخالف بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں دلتوں پر ظلم و ستم ہو رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛ کانگریس صدر نے کہا کہ ان کو ملک میں جہاں بھی دلتوں پر ظلم و ستم کے خلاف بلایا جائے گا ، وہ جائیں گے۔ راہل کے ساتھ منچ پر سیتا رام یچوری بھی نظر آئے۔

راہل گاندھی نے کہا ‘ وزیر اعظم مودی کی سوچ اور پالیسیاں دلت مخالف ہیں۔ جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تب انھوں نے کتاب لکھی تھی کہ دلتوں کو صفائی میں مزہ آتا ہے۔ پی ایم مودی کی یہی سوچ ہے۔ اگر وہ دلتوں کا دکھ سمجھتے تو ان کی حکومت کی پالیسیاں کچھ اور ہوتیں۔ کانگریس صدر نے دلت تنظیموں سے جدو جہد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا’ ہم سب کو ایک جٹ ہو کر بی جے پی اور آر ایس ایس کی ذہنیت کو ہرانا ہے۔ ان کی سوچ نفرت کی ہے اور کانگریس پارٹی پیار سے  سب کو ساتھ لے کر چلنا جانتی ہے۔

2019 میں مودی حکومت کا ہارنا طے ہے اور ان کو ہم سب کو مل کر ہرانا ہوگا۔ آپ ملک میں کہیں بھی آندولن کریں گے تو ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ میں آپ کے لیے ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔’ راہل گاندھی نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کو کمزور کرنے کے لیے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ انھوں نے کہا کہ جس جج نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی کر کے اس کو کمزور کیا ہے ، اس کو مودی حکومت نے بڑا عہدہ دینے کا کام کیا ہے۔ راہل نے کہا ‘ نریندر مودی کی سوچ ہے کہ ہندوستان کے مستقبل میں دلتوں کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ‘