خبریں

رافیل گھوٹالے پر سپریم کورٹ میں جانے کو لے کر کشمکش،وہاں بھی ہے بدعنوانی : پرشانت بھوشن

سوراج ابھیان کے چیئرمین اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کوئی معاملہ لے جانے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے کیوں کہ سپریم کورٹ میں بھی بدعنوانی ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی :سوراج ابھیان کے چیئرمین اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ وہ رافیل معاملے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کو لے کر کشمکش میں ہیں کیوں کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت میں بھی بدعنوانی ہے ۔ پرشانت بھوشن نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کوئی معاملہ لے جانے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے کہ کیوں کہ سپریم کورٹ میں بھی بدعنوانی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس معاملے کو عدالت لے جانے کے سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کر پارہے ہیں۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سپریم کورٹ میں بھی بدعنوانی ہے ،بھوشن نے کہا ،اس بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ سپریم کورٹ میں بدعنوانی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ رافیل سودے میں 36000کروڑ کا گھوٹالہ ہوا ہے ۔بھوشن نے کہا کہ انہوں نے سودے کو لے کر مرکز پر چاروں طرف سے دباؤ ڈالنے کا راستہ چنا ہے ،دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکل کر سامنے آتا ہے۔

پرشانت بھوشن نے رافیل معاملے میں کانگریس پارٹی کی یہ کہہ کر تعریف کی کہ اس نے یہ معاملہ مضبوطی سے اٹھایا ہے۔