خبریں

جونیئر زمرے میں ارشدیپ سنگھ کو وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کا خطاب

  ارشدیپ نےحال ہی میں جونیئر ایشین وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

ارشدیپ سنگھ ،فوٹو: فیس بک

ارشدیپ سنگھ ،فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: وائلڈ لائف فوٹوگرافر 2018 کے فوٹو گرافر آف دی ایئر کا خطاب  10 سال کے ارشدیپ سنگھ نے جیتا ہے۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبرکے مطابق؛  ارشدیپ کو یہ ایوارڈ 10 سال والے زمرے کے لیے اس کی تصویر  Pipe Owlsکے لیے دیا گیا ہے۔ اس تصویر میں ایک پائپ کے اندر دو الو نظر آ رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا 53 واں ایڈیشن برٹن کے نیچرل ہسٹری میوزیم نے آرگنائز کیا تھا۔

فوٹو بہ شکریہ ؛http://www.nhm.ac.uk/

فوٹو بہ شکریہ ؛http://www.nhm.ac.uk/

جونیئر خطاب کے لیے 3 زمرے تھے ،10 سال اور اس سے کم 11 سے 14 سال اور 15 سے 17 سال ۔ واضح ہو کہ جب ارشدیپ اپنے والد کے ساتھ پنجاب کپور تھلاکا سفر کر رہا تھا تو اس نے پائپ کے اندر سے ان دو الوؤں کو جھانکتے دیکھا ،پھر اس نے اپنے والد سے کار روکنے کے لیے کہا اور کار کی آدھی کھڑکی کھول کر اس نے یہ کمال کی تصویر کھینچی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ صرف کچھ سیکنڈ کے لیے الو نے اپنے سر باہرکیے تھے۔ اس طرح کے پرندے عام طور پر رات میں ہی دیکھے جا تے ہیں۔

ارشدیپ نے 6 سال کی عمر سے فوٹوگرافی میں دلچسپی لینا شروع کر دیا تھا اور 2012 سے وائلڈ لائف فوٹوگرافی میں بھی اس کی سرگرمی شروع ہو چکی تھی۔ وہ اکثرمعروف وائلڈ لائف فوٹو گرافر اور  اپنے والد رندیپ  سنگھ کے ساتھ وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے لیے سفر کرتا ہے۔ارشدیپ کی اس طرح فوٹو گرافی کواس کی ویپ سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ارشدیپ ڈاٹ انپر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

ویب سائٹ پر موجود جانکاری کے مطابق؛ارشدیپ جالندھر کے رہنے والے ہیں اور 2007میں پیدا ہوئے ہیں ۔پرندوں کی تصویریں اتارنا ارشدیپ کا جنون ہے۔ارشدیپ کا ماننا ہے کہ وائلڈ لائف فوٹو گرافی صرف ایک جنون نہیں بلکہ قدرت کو محفوظ کرنے کا بھی ایک طریقہ ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ ارشدیپ نے کچھ دن پہلے ہی جونیئر ایشین وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔اس کی فوٹوگرافی بہت سارے قومی اور بین الاقوامی رسالو ں جیسے لونلی پلینٹ، اور بی بی سی وائلڈ لائف میں شائع ہو چکے ہیں۔