براڈ کاسٹ آڈینس ریسرچ کاؤنسل کے ذریعے حالیہ اعدادو شمار کے مطابق ؛ 12 سے 16 نومبر کے بیچ ٹی وی چینلوں پر 22099 بار بی جے پی کا اشتہار دکھایا گیا۔ یہ اعداد وشمار ملک کے دوسرے سب سے بڑی ٹی وی اشتہار نیٹ فلکس سے 10 ہزار زیادہ ہے۔
نئی دہلی: پانچ ریاستوں میں اسمبلی الیکشن اور آنے والے عام انتخابات میں بی جے پی کی تشہیر مہم زور پکڑ چکی ہے۔ ٹی وی پر اشتہار دینے کے معاملے میں بی جے پی سب سے بڑی اشتہار ڈیٹا برانڈ بن گئی ہے۔ براڈ کاسٹ آڈینس ریسرچ کاؤنسل (بی اے آر سی)کے ذریعے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق؛12 سے 16 نومبر کے بیچ ٹی وی چینلوں پر 22099 بار بی جے پی کا اشتہار دکھایا گیا۔ یہ اعداد وشمار ملک کے دوسرے سب سے بڑی ٹی وی اشتہار نیٹ فلکس سے 10 ہزار زیادہ ہے۔
اکانومکس ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق؛جن 5 ریاستوں میں اسمبلی الیکشن ہو رہے ہیں، ان تمام ریاستوں میں سبھی ٹی وی چینلوں پر بی جے پی اشتہار پہلے مقام پر رہے ہیں۔ اس سے گزشتہ ہفتے کے اعداد و شمار میں بی جے پی دوسرے مقام پر تھی۔ دلچسپ یہ ہے کہ بی جے پی کی اہم کمپٹیٹر کانگریس ٹاپ 10 کی فہرست میں بھی نہیں ہے۔
واضح ہو کہ بی اے آر سی کے ذریعے ہر ہفتے ٹاپ 10 اشتہار، برانڈس اور چینلوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔ 12 سے 16 نومبر کے ہفتے میں بی جے پی اشتہار برانڈ کی فہرست میں اول نمبر پر رہی۔ اس کے بعد ویب اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس تھا، جس کا اشتہار ٹی وی چینلوں پر 12951 بار دکھا یا گیا۔اس سے پہلے دی وائر کی ایک آر ٹی آئی کے جواب میں سامنے آیا تھا کہ بی جے پی حکومت نے گزشتہ 4 سالوں میں اشتہار پر تقریباً 5 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔
بیور آف آؤٹ ریچ اینڈ کمیونیکیشن (بی او سی)سے ملی جانکاری کے مطابق؛مرکزی حکومت کے منصوبوں کی تشہیر میں سال 2014 سے لے کر ستمبر 2018 تک میں 4996.61کروڑ روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے۔ اس میں 2211.11کروڑ روپے کی رقم الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اشتہار میں خرچ کی گئی تھی۔ اگر سال کے حساب سے اعداد و شمار دیکھیں جائیں تو سال 15-2014 میں 613.78کروڑ، سال 18-2017 میں 474.76کروڑ اور سال 19-2018 میں اب تک110.16کروڑ کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔
فیکلٹی ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق؛ این ڈی اے کے وقت میں اشتہار پر خرچ کی گئی رقم یو پی اے حکومت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ یو پی اے حکومت نے اپنے 10 سال کی حکومت میں اوسطاً 504 کروڑ روپے ہر سال اشتہار پر خرچ کیا تھا۔ یو پی اے حکومت کے دس سال میں کل ملاکر 5040 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہوئی تھی۔ وہیں مودی حکومت کے تقریباً ساڈھے 4 سال کے وقت میں ہی 4996.61کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
Categories: خبریں