خبریں

مدھیہ پردیش: کمل ناتھ حکومت کا اعلان اب کسانوں کو ہر مہینے ملے گی پنشن

ریاستی حکومت کے اس منصوبے کا فائدہ تقریباً 10 لاکھ کسانوں کو ملے گا۔ وہیں اس منصوبے میں 1200 کروڑ روپے کا سالانہ خرچ آئے گا۔

(فوٹو بشکریہ : فیس بک / کمل ناتھ)

(فوٹو بشکریہ : فیس بک / کمل ناتھ)

نئی دہلی : مدھیہ پردیش میں کانگریس کی کمل ناتھ حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت 60 سال سے اوپر کے کسانوں کو ہر مہینے ایک ہزار روپے کا فارمر پنشن دے گی۔ریاستی حکومت کے اس منصوبے کا فائدہ تقریباً 10 لاکھ کسانوں کو ملے گا ۔این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ، اس منصوبے میں 1200 کروڑ روپے کا سالانہ خرچ آئے گا۔ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اس منصوبے کا مکمل خاکہ بنانے کے لیے افسروں کو ہدایت دی ہے ۔ غور طلب ہے کہ ملک بھر کے کسان لمبے عرصے سے پینشن کا مطالبہ کر رہے تھے ۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے حلف برداری کے فوراً بعد کسانوں کی 2 لاکھ تک کی قرض معافی کا اعلان کیا تھا۔جس میں کہا  گیا تھا کہ مدھیہ پردیش حکومت کے ذریعے فیصلہ لیا جاتا ہے کہ مدھیہ پردیش  میں واقع نیشنلزائڈ بینک اور کو آپریٹیو بینک میں کم مدتی فصل قرض کی شکل میں حکومت کے ذریعے اہل پائے گئے کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک کی 31مارچ 2018 کی حالت میں بقایہ قرض کو معاف کیا جاتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس قرض معافی کی وجہ سے مدھیہ پردیش حکومت پر56 ہزار کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

واضح ہوکہ قرض معافی جون 2009 کے بعد کے قرض دار کسانوں کی ہوگی ۔ اس میں تقریباً 33 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ریاست کے کسانوں پر مختلف بینکوں کا 70 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض ہے۔ اس میں 56 ہزار کروڑ روپے کا قرض 41 لاکھ کسانوں نے لیا ہے۔ وہیں تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے قرض این پی اے ہیں ۔ دریں اثنا چھتیس گڑھ کے بعد اب راجستھان کی کانگریس حکومت نے قرض معافی کا اعلان کیا ہے ۔ راجستھا ن میں بھی 2 لاکھ روپے تک کے قرض معاف کیے جائیں گے ۔ اس کی وجہ سے ریاستی حکومت پت 18 ہزار کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔