خبریں

ٹھنڈ میں رام للا ٹینٹ میں براجمان ہیں، پی ایم ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھر ملے: بی جے پی ایم پی

اتر پردیش میں گھوسی سے بی جے پی رکن پارلیامان ہری نرائن راج بھر نے ایودھیا کے ڈی ایم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ رام ٹینٹ میں براجمان ہیں، جبکہ حکومت ہند بےگھروں کو گھر مہیا کرانے کے لیے پر عزم ہے۔

ہری نارائن راج بھر/فوٹو: لوک سبھاویب سائٹ

ہری نارائن راج بھر/فوٹو: لوک سبھاویب سائٹ

نئی دہلی: اتر پردیش سے بی جے پی رکن پارلیامان ہری نرائن راج بھر نے ایودھیا کے ڈی ایم کو خط لکھ کررام کو گھر مختص کرنے کی مانگ کی ہے۔ ایم پی نے خط میں لکھا ہے کہ ایودھیا میں رام ٹینٹ میں رہ رہے ہیں اور ان کو ‘پی ایم ہاؤسنگ اسکیم’کے تحت گھر مختص کیا جائے۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ گھوسی لوک سبھا سیٹ سے ایم پی کی دلیل ہے کہ رام للا کی پیدائش صدیوں پہلے ایودھیا میں ہوئی تھی۔ جہاں وہ براجمان ہیں، اس لیے ان کے لیے ایک چھت کا انتظام کیا جائے۔

راج بھر کا خط/ فوٹو:ٹوئٹر

راج بھر کا خط/ فوٹو:ٹوئٹر

راج بھر نے خط میں لکھا ہے ،’ آپ کو یہ بتانا ہے کہ ایودھیا میں رام للا کے ٹینٹ کو مندرکی صورت دے کر پوجا پاٹھ اور درشن ہو رہا ہے۔ رام للا اس کڑاکے کی سردی ، گرمی اور برسات میں ٹینٹ نما مندر میں براجمان ہیں۔ ان کے اوپر کوئی چھت نہیں ہے۔ جبکہ موجودہ وقت میں حکومت ہند بےگھرلوگوں  کو گھر مہیا کرانے کے لیے پر عزم ہے۔’

ایم پی نے آگے لکھا ہے ،’ چونکہ رام للا کی ‘پران- پرتشٹھا’ہو چکی ہے۔ اس سے یہ بے حد ضروری ہو گیا ہے کہ ڈی ایم پرائم منسٹر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رام للا کو اسی جگہ پر گھر مہیا کرائے ،جس سے ان کو بھی چھت مل سکے۔’

نو بھارت ٹائمس کی خبر کے مطابق؛راج بھر نے دو دن پہلے مندر کی تعمیر کو لے کر ایک بیان دیا تھا۔ ایم پی نے 26 دسمبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جس طرح سے کار سیوا کر کے متنازعہ ڈھانچے کو گرایا گیا تھا،اسی طرح کی کار سیوا مندر بنانے کے لیے بھی ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا تھا کہ لوگوں کی عقیدت کا فیصلہ حکومت یا سپریم کورٹ نہیں کر سکتی ہے۔ رام مندر 100 کروڑ ہندوؤں کی عقیدت کا معاملہ ہے۔

غور طلب ہے کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کا معاملہ فی الحال سپریم کورٹ میں زیر غور ہے۔جنوری میں اس معاملے کی شنوائی شروع ہوگی۔ وہیں آر ایس ایس اور شیو سینا رام مندر کی تعمیر کو لے کر پارلیامنٹ  میں آرڈیننس لائے جانے کی مانگ کر رہے ہیں۔