خبریں

کنہیا، عمر اور انربن کے خلاف جلد داخل کریں گے چارج شیٹ: دہلی پولیس کمشنر

دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنایک نے بدھ کو کہا کہ ، معاملہ آخری دور میں ہے ۔جانچ پیچیدہ تھی کیوں کہ بیان لینے کے لیے ٹیم کو دوسری ریاستوں کا دورہ بھی کرنا پڑا تھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنایک نے گزشتہ بدھ کو کہا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین (جے این یو ایس یو )کے سابق صدرکنہیا کمار ، طالبعلم عمر خالد اور انربن بھٹا چاریہ سمیت دوسرے لوگوں کے خلاف ملک سے غداری کے معاملے میں دہلی پولیس جلد ہی چارج شیٹ دائر کرے گی۔ہندوستان ٹائمس کی ایک خبر کے مطابق، پٹنایک نے کہا ،معاملہ آخری مرحلے میں ہے ،جانچ پیچیدہ تھی کیوں کہ بیان لینے کے لیےٹیم کو دوسری ریاستوں کا بھی دورہ کرنا پڑا تھا۔ ہم جلد ہی چارج شیٹ داخل کریں گے۔

غور طلب ہے کہ 9 فروری 2016 کو جے این یو  میں ہوئے ایک پروگرام کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس میں ہندوستان مخالف نعرے لگے تھے۔ اس معاملے میں جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے اس وقت کے صدر کنہیا کمار، ان کے دو ساتھیوں  عمر خالد اور انربان  کو گرفتار کیا گیا تھا۔ حالانکہ  وہ 3 دن بعد ضمانت پر رہا کر دیے  گئے مگر کنہیا کمار اس سے پہلے 23 دن جیل میں رہے۔

ابھی تک دہلی پولیس کی طرف سے اس معاملے میں کوئی چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی ہے۔ کنہیاکمار کو ضمانت ہائی کورٹ سے ملی تھی۔ اس کے بعد سیشن کورٹ نے ضمانت پکی کر دی تھی۔ اس کے بعد سے اس بارے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ یہ معاملہ دہلی پولیس کی  اسپیشل سیل کے پاس ہے جو اب تک کوئی چارج شیٹ داخل نہیں کر پائی  ہے۔ لیکن کنہیا کو اب بھی  ملک سے باہر جانے سے پہلے عدالت کو بتانا پڑتا ہے۔

واضح ہو  کہ جے این یو کی جانچ کمیٹی نے 21 ملزم طلبا  کو نظم و ضبط  کامجرم  پایا تھا۔حالانکہ  اس کمیٹی کے فیصلے کو جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے علاوہ یونیورسٹی کے ٹیچرس ایسوسی ایشن(JNUTA) نے بھی خارج کردیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ متنازعہ پروگرام کے معاملے میں سیڈیشن  کے الزامات کے تحت فروری 2016 میں کنہیا، خالد اور انربان کو گرفتار کیا گیا  تھا اور ابھی وہ ضمانت پر ہیں ۔جے این یو کی 5 رکنی جانچ کمیٹی نے نظم وضبط کی خلاف ورزی کے لیے13 دوسرے طلبا پر بھی جرمانہ لگایا تھا۔ اس کے بعد طلبا نے دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)