خبریں

یوپی کے وزیر نے کہا؛ فسادات میں سیاسی رہنما کیوں نہیں مرتے،کوئی رہنما فسادات کرائے تو اس کو ہی آگ لگا دو

اتر پردیش کے کابینہ وزیر او پی راج بھر نے کہا کہ فسادات بھڑکانے والے رہنما کو ہی آگ لگا دو تاکہ وہ سمجھ جائے کہ ہم دوسروں کو نہیں جلانے جائیں گے۔

اوم پرکاش راج بھر ،فوٹو : فیس بک

اوم پرکاش راج بھر ،فوٹو : فیس بک

نئی دہلی: اتر پردیش کی یوگی حکوت  میں کابینہ وزیر اوم پرکاش راج بھر نے سوال اٹھا یا ہے کہ آج تک فسادات میں کوئی بڑا رہنما کیوں نہیں مرا ہے۔ انھوں نے رہنماؤں پر فسادات بھڑکانے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی رہنما فسادات بھڑکائے تو اس کو ہی آگ کے حوالے کر دو۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛راج بھر نے کہا،

’ہندو مسلمان کے فسادات میں ایک بھی بڑا رہنمامرا کیا؟ رہنما کیوں نہیں مرتا۔ جو رہنما تم کو ہندو مسلمان کے نام پر لڑانے جاتا ہے ، فسادات کرانے جاتا ہے ، ایسے رہنما کو ہی آگ لگا کے جلا دوتاکہ وہ سمجھ جائے کہ ہم دوسروں کو نہیں جلانے جائیں گے۔‘

سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر راج بھر نے آگے کہا،’ یہ ہندو مسلمان میں باٹتے ہیں۔ ارے باٹنے والے لوگوں ، ذرا سوچو…ہندوستان کا آئین کہتا ہے جو ہندوستان کا ووٹر ہو گیا وہ ہندوستان کا شہری ہو گیا۔ آپ اس کو ملک سے نہیں نکال سکتے۔’

غور طلب ہے کہ راج بھر کی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی بی جے پی کی معاون پارٹی ہے۔