خبریں

جموں سے دہلی آ رہی دورنتو ایکسپریس میں بدمعاشوں  نے مسافروں کو لوٹا

7 سے 10 بدمعاش جموں-دہلی  دورنتو ایکسپریس کے اے سی کوچ  بی3 اور بی 7  میں گھسے تھے۔ ان کے ہاتھوں میں دھار دار چاقو تھے۔ انھوں نے ڈبوں میں گھستے ہی کئی مسافروں کے گلے پر چاقو رکھ دیا۔

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: دہلی کے بادلی علاقے میں جموں سے آرہی جموں -دہلی دورنتو ایکسپریس ٹرین میں لوٹ پاٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق؛ 7 سے 10 لٹیرےدورنتو ایکسپریس کے اے سی کوچ  بی3 اور بی 7  میں گھسے تھے۔ ان کے ہاتھوں میں دھار دار چاقو تھے۔ انھوں نے ڈبوں میں گھستے ہی کئی مسافروں کے گلے پر چاقو رکھ دیا۔

 ساتھ ہی ان سے اپنا پورا بیش قیمتی سامان ان کو سونپنے کو کہا۔ بدمعاشوں نے چاقو دکھا کر موبائل ،کیش اور جولری لوٹ لی۔  مسافروں کے مطابق تقریباً15-10 منٹ تک یہی سب چلتا رہا۔اس کے بعد لٹیرے مسافروں سے لوٹا ہوا سامان لے کر فرار ہو گئے۔ حالانکہ ڈی سی پی ریلوے دنیش گپتا نے دعویٰ کیا ہے کہ بدمعاش 3 سے 4 تھے اس لیے یہ واردات ڈکیتی نہیں  لوٹ ہے۔

لوٹ کے دوران نہ تو ریلوے اسٹاف کا کوئی ممبر موقع پر آیا اور نہ ہی کوئی سکیورٹی گارڈ۔غور طلب ہے کہ  واردات کے وقت ٹرین یہاں جمعرات کی  صبح  3.30پر دہلی اسٹیشن کی طرف روانہ ہونے کے لیے سگنل کے انتظار میں کھڑی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک مسافر نے بعد میں ریلوے کے پورٹل پر شکایت درج کرائی۔تب جاکر اس معاملے کا انکشاف ہوا۔

اس میں شکایت کرنے والے نے بتایا کہ ٹی ٹی  اور کوچ اٹینڈنٹ لٹیروں کے بھاگنے کے تقریباً 20 منٹ آئے۔ ان لوگوں نے مسافروں کو یہ بھی بتایا کہ اس ٹرین میں کوئی بھی سکیورٹی گارڈ تعینات نہیں رہتا ہے۔حالانکہ معاملے کے بعد ناردرن ریلوے نے بیان جاری کر کے کہا کہ آر پی ایف(ریلوے پروٹیکشن فورس)نے جانچ شروع کر دی ہے اور جلد ہی لٹیرے پکڑے جائیں گے۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے گزشتہ 9 جنوری کودہلی سے بھاگلپور جارہی ٹرین کو روک کر بدمعاشوں نے 200مسافروں کو لوٹاتھا۔واضح ہو کہ مسلح افراد نے مغربی بنگال کےنکسل متاثرہ مالدہ ڈویژن میں مسافروں کے بیش قیمتی سامان اور تقریباً 3 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی  ۔چہرے پر ماسک لگاکر درجن بھر سے زیادہ بدمعاشوں نے رات میں  ٹرین میں لوٹ پاٹ کی تھی  ۔کیول اور جمال پور اسٹیشن کے بیچ دھنوری اسٹیشن (لکھی سرائے)کے پاس ایک گھنٹے سے زیادہ ٹرین روک کر لوٹ پاٹ کی گئی تھی  ۔ بدمعاشوں نے بندوق کے زور پر مسافروں کے قیمتی سامان لوٹ لیے تھے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)