خبریں

اتر پردیش: یوگی حکومت میں 3ہزار سے زیادہ انکاؤنٹر میں 78 کی موت

اتر پردیش حکومت نے انکاؤنٹرز، مجرموں کے قتل معاملوں اور گرفتاریوں کے اعداد و شمار کو حصولیابی کی فہرست میں شامل کیا ہےجس کو یوم جمہوریہ کے موقع پر مشتہر کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری انوپ چندر پانڈے نے یوم جمہوریہ سے پہلے حکومت کی حصولیابی کو خط کے ذریعے تمام ضلع افسروں کو بھیجا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے 16 مہینے کی مدت کار میں ریاستی  پولیس نے 3000سے زیادہ انکاؤنٹر کو انجام دیاجس میں کم سے کم 78 مجرموں کو مار گرایا گیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے 19 فروری 2017 کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ڈائریکٹر جنرل آف  پولیس دفتر کے ایک افسر نے کہا کہ یہ اعدادو شمار مارچ 2017 سے جولائی 2018 کے بیچ کے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، انکاؤنٹر ، مجرموں کے قتل معاملے اور گرفتاریوں کے اعداد وشمار کو حکومت کی حصولیابی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہےجس کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاست میں مشتہر کیا جائے گا۔ اتر پردیش کے چیف سکریٹری انوپ چندر پانڈے نے یوم جمہوریہ سے پہلے حکومت کی حصولیابی کو خط کے ذریعے تمام ضلع افسروں کو بھیجا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جرائم پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کے لیے ریاست بھر کے موست وانٹیڈ مجرموں کی گرفتاری کے لیے مہم چلائی گئی ۔ خط کے مطابق، جولائی 2018 تک ریاست میں کل 3028 انکاؤنٹر ہوئے ۔ ان میں 69 مجرموں کو مار گرایا گیا ، 7043 مجرموں کو گرفتار کیا گیا اور 838 مجرم زخمی ہوئے ۔ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس دوران 11981 مجرموں نے اپنی ضمانت رد کرائی اور عدالت میں سرینڈر کردیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف)نے 9 دوسرے مجرموں کو مار گرایا جبکہ 139کو گرفتار کیا۔

اس اعداد و شمار کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ اس دوران روزانہ اوسطاً 6 انکاؤنٹر کو انجام دیا گیا جس میں 14 مجرم گرفتار ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی ہر مہینے کم سے کم 4 مجرموں کو مار گرایا گیا ۔ اپنی حکومت کے پہلے 9 مہینے میں 15 دسمبر 2017 تک 17 مجرموں کو مار گرایا گیا یعنی اوسطاً 1.8 مجرم ہر مہینے مارے گئے ۔ حالاں کہ آئندہ 7 مہینے میں ان اعدادوشمار میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ جنوری 2018 سے جولائ 2018 تک انکاؤنٹر میں 61 مجرموں کو مار گرایا گیا یعنی اوسطاً 8.71 مجرم ہر مہینے مارے گئے۔

گزشتہ سال اسی طرح سے حکومت نے 2018 کے یوم جمہوریہ تقریب میں حصولیابی کو شمار کرنے والی ایک فہرست تمام ضلع افسروں کو بھیجا تھا۔ اس جانکاری کے مطابق 15 دسمبر 2017 کو حکومت بننے کے بعد اپنے دفاع میں کی گئی کارروائی میں 17 مجرم مار گرائے گئے تھے اور 109کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پچھلے سال کے خط میں اینٹی رومیو دستے کے ذریعے لوگوں پر درج کیے معاملوں کو اہمیت دی گئی تھی ۔ حالاں کہ اس سال کے خط میں ان اعدادوشمار کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ اینٹی رومیو دستہ کام کررہا ہے ۔ اس کے تحت کی گئی کارروائی کی جانکاری بھیجی گئی تھی لیکن نامعلوم وجوہات سے اس کو خط سےہٹادیا گیا۔خط میں حکومت نے اس دوران کسانوں کی قرض معافی اور اس سال گنا کسانوں کو کی گئی ادائیگی جیسے ان کاموں کو بھی اہمیت دی ہے جس کو اس نے کسانوں کے لیے شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔