خبریں

نتن گڈکری کے ذات پات والے بیان پر کانگریس نے کہا؛ ہنومان جی کی ذات بتانے والوں کو کب پیٹوگے؟

غور طلب ہے کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے وارننگ دی   تھی کہ اگر کسی نے ان کے حلقے میں ذات پات کی بات کی تو وہ اس کی پٹائی کر دیں گے۔

نتن گڈکری ، فوٹو: پی ٹی آئی

نتن گڈکری ، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: نتن گڈکری کے تبصرے کو کانگریس نے ایک بار پھر بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر ‘سیدھا حملہ’ قرار دیا ہے۔ نتن گڈکری نے اتوار کو ایک پروگرام میں کہا  تھا کہ ان کے حلقے میں ذات پات کے لیے جگہ نہیں ہے ۔ انھوں نے وارننگ دی  تھی  کہ اگر کسی نے ان کے حلقے میں ذات پات کی بات کی تو وہ اس کی پٹائی کر دیں گے۔ انھوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا  تھا کہ ان کے حلقے میں ذات پات کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے کیونکہ انھوں ‘وارننگ’ دی ہوئی ہے کہ ذات کے بارے میں بات کرنے والے کی وہ’ پٹائی ‘کریں گے۔

گڈکری نے پونے کے پنپڑی چنچواڑ میں Punaruththan Samarasta Gurukulamکے ذریعے منعقد ایک پروگرام میں کہاتھا کہ اقتصادی اور سماجی مساوات کی بنیاد پر سماج کو ایک ساتھ لانے کی ضرورت ہے اور اس میں ذات پات اور فرقہ واریت کی جگہ نہیں ہے۔

مدھیہ پردیش کانگریس نے کہا  کہ یہ ‘پی ایم مودی اور بی جے پی پر سیدھا حملہ ہے۔’ ٹوئٹ میں کانگریس نے کہا،’ گڈکری نے پھر کیا مودی اور بی جے پی پر سیدھا حملہ: بی جے پی رہنما نتن گڈکری نے بی جے پی کی اصل سیاست کے خلاف بیان دیا ہے،کہا-کوئی ذات پات کی بات کرے گا تو میں اس کی پٹائی کر دوں گا…! گڈکری جی ،ہنومان جی کی ذات بتا کر ووٹ مانگنے والوں کی پٹائی کب کریں گے…؟’

گڈکری حال فی الحال اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں  ہیں۔ غور طلب ہے کہ چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی کی شکست کے بعد نتن گڈکری نے کہا تھا کہ قیادت کو ہار کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جیت کا سہرا لینے سب آگے آتے ہیں ،لیکن ہار کی ذمہ داری کوئی نہیں لینا چاہتا۔

گزشتہ سال دسمبر مہینے میں گڈکری نے سڑک کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ سڑک خراب نکلنے پر ٹھیکداروں پر بلڈوزر چلوادیں گے۔حال ہی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا تھا  کہ جو لوگ اپنا گھر نہیں سنبھال سکتے وہ ملک بھی نہیں سنبھال سکتے۔ آر ایس ایس کی اسٹوڈنٹ اکائی اکھل بھارتیہ ودیا رتھی پریشد (اے بی وی پی) کے سابق کارکنوں کو ایک پروگرام کے دوران گڈکری نے یہ نصیحت دی تھی ۔

  منسٹر آف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نے پروگرام میں کہا تھا کہ ، میں کئی لوگوں سے ملا ہوں جنہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی  اور ملک کے لیے اپنی زندگی دینا چاہتے ہیں ۔ میں ایسے لوگوں سے کہتا ہوں کہ آپ کیا کرر ہے ہیں اور آپ کے گھر میں کون لوگ ہیں ۔ وہ بتاتا ہے کہ میں نے اپنی دکان بند کردی ہے کیوں کہ ٹھیک سے نہیں چل رہی تھی ، گھر میں بیوری اور بچے ہیں۔

انہوں نے کہاتھا  کہ ، میں ان سے کہتا ہوں پہلے اپنے گھر کی دیکھ بھال کریں ، کیوں کہ جو اپنا گھر نہیں سنبھال سکتا وہ ملک بھی نہیں سنبھال سکتا ۔ ایسے میں پہلے اپنا گھر سنبھال لیں اور اپنے بچے  اور جائیداد کو دیکھنے کے بعد پارٹی اور ملک کے لیے کام کریں۔ حال ہی میں ایک پروگرام کے دوران مرکزی وزیر نے کہا تھا کہ جو رہنما خواب دکھاتا ہے اور ان کو پورا نہیں کرتا تو عوام اس کی پٹائی کرتی ہے۔