خبریں

ریلائنس کمیونی کیشنز سے 700 کروڑ روپے وصول کرنے کے لیے این سی ایل ٹی کا دروازہ کھٹکھٹائے گا بی ایس این ایل

بی ایس این ایل ادائیگی میں چوک کے لیے آرکام کے ذریعے جمع کی گئی تقریباً 100 کروڑ روپے کی بینک گارنٹی کو پہلے ہی بھنا چکا ہے۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: سرکاری ٹیلی کام کمپنی بی ایس این ایل ،ریلائنس کمیونی کیشن (آر کام ) سے 700 کروڑ روپے کا بقایہ وصول کر نے کے لیے اس ہفتے نیشنل کمپنی لاء ٹریبون (این سی ایل ٹی )کا دروازہ کھٹکھٹا ئے گا۔ سرکاری ذرائع نے یہ جانکاری دی ہے۔اس سے پہلے قرض کے بوجھ سے دبی آرکام نے این سی ایل ٹی کے سامنے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ وہ خود سے دیوالیہ کارروائی میں جانا چاہتا ہے کیوں  کہ یہ اس کی ملکیت کو مقررہ وقت پر بیچنے میں مدد کرے گی ۔

انسالوینسی اور بینکرپسی کوڈ(آئی بی سی ) کے تحت کمپنی کے بورڈ کے ذریعے دیوالیہ ہونے کی اپیل کی گئی تھی ۔ کمپنی نے این سی ایل ٹی سے گزارش کی تھی کہ ایس بی آئی کی قیادت والے 37 قرض دہندوں کو 260 کروڑ روپے سیدھے ایرکسن کو جاری کرنے کی  ہدایت دی جائے ۔ حالاں کہ قرض دہندوں نے اس عرضی کی مخالفت کی ۔ذرائع نے بتایا کہ ، بی ایس این ایل ادائیگی میں چوک کے لیے آرکام کے ذریعے جمع کی گئی تقریباً 100 کروڑ روپے کی بینک گارنٹی کو پہلے ہی بھنا چکا ہے ۔ تقریباً 700 کروڑ روپے کے بقایے کی وصولی کے لیے آرکام کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بی ایس این ایل کے چیئر مین اور مینجنگ ڈائریکٹر انوپم شریواستو نے 4 جنوری کو لیا تھا ۔

بی ایس این ایل نے اس معاملے  کے لیے سنگھ اینڈ کوہلی لاء فرم کو جوڑا ہے ۔ سبھی سرکل آفس سے چالان جمع کرنے کی وجہ سے معاملہ داخل کرنے میں دیری ہوئی تھی ۔آرکام کو ایرکسن کو 453 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنے میں دقت کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے آرکام کو ادائیگی کرنے کے لیے 19 مارچ تک کا وقت دیا ہے ۔ اگر کمپنی ایسا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو انل امبانی کو تین مہینے کی جیل ہو سکتی ہے ۔ آرکام پہلے ہی ایرکسن کو 118 کروڑ روپے کی ادائیگی کر چکی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)