خبریں

عالمی خوشحالی انڈیکس میں ہندوستان گزشتہ سال کے مقابلے 7 پائیدان نیچے

دنیا کے سب سے دولتمند ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود، امریکہ خوشحالی کے معاملے میں 19 ویں مقام پر ہے۔

علامتی تصویر / فوٹو : پی ٹی آئی

علامتی تصویر / فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی :عالمی خوشحالی انڈیکس میں ہندوستان گزشتہ سال کے مقابلے سات پائیدان نیچےچلاآیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں ہندوستان کا مقام 140واں ہے۔ اس فہرست میں  پڑوسی ملک پاکستان ہندوستان سے اوپر ہے۔ فن لینڈ اس معاملے میں لگاتار دوسرے سال پہلے مقام پر رہا۔یو این ایس ڈی ایس این (UN Sustainable Development Solutions Network) نے یہ رپورٹ جاری کی ہے۔

اقوام متحدہ کی یہ فہرست 6 عوامل کے پیش نظر بنائی  جاتی ہے۔ اس میں آمدنی، صحت، متوقع زندگی، سوشل سپورٹ، آزادی، اعتماد اور فیاضی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق، پچھلے کچھ سالوں میں ساری دنیا میں خوشحالی میں گراوٹ آئی ہے۔زیادہ  اور مسلسل  گراوٹ  ہندوستان میں آئی  ہے۔ ہندوستان 2018 میں اس معاملے میں 133 ویں مقام پر تھا جبکہ اس سال 140 ویں مقام پر رہا تھا۔

یہ اقوام متحدہ کی ساتویں سالانہ عالمی خوشحالی رپورٹ (World Happiness Report)تھی۔ اس میں دنیا کے 156 ممالک کی  اس بنیاد پر رینک کی گئی  کہ اس کے شہری خود کو کتنا خوش محسوس کرتے ہیں۔ اس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا ہے کہ تشویش ، اداسی اور غصے سمیت منفی جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔

فن لینڈ کو لگاتار دوسرے سال دنیا کا سب سے خوش حال ملک مانا گیا ہے۔ اس کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور نیدرلینڈ کا مقام ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان 67 ویں، بنگلہ دیش 125 ویں اور چین 93 ویں مقام پر ہے۔جنگ سے متاثر جنوبی کوریا کے لوگ اپنی زندگی سے سب سے زیادہ ناخوش ہیں، اس کے بعد وسطی افریقی جمہوریہ (155)، افغانستان (154)، تنزانیہ (153) اور روانڈا (152) ہیں۔دنیا کے سب سے دولتمند ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود، امریکہ خوشحالی کے معاملے میں 19 ویں مقام پر ہے۔