خبریں

کانگریس کا الزام: اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ کے قافلے سے برآمد ہوئے 1.8کروڑ روپے

کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ آج جمہوریت کے لیے کالا دن ہے۔ چور کی چوکیداری اور چوکیدار کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے۔کیا اس طرح سے بلیک منی سے ریلی میں نوٹ منگوا کر ،نریندر مودی جی انتخابات جیتنا چاہتے ہیں؟

سرجے والا/ فوٹو: پی ٹی آئی

سرجے والا/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: کانگریس نے بی جے پی پر اروناچل پردیش میں پیسے کے دم پر ووٹ خریدنے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والانے کہا کہ اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ پیما کھانڈو کے قافلے سے 1.8کروڑ روپےبر آمد ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیا یہ پیسہ بی جے پی کے حق میں ووٹرس کو لالچ دینے کے لیے نہیں تھا؟ کیا یہ بلیک منی نہیں ہے؟کانگریس نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا اب تک الیکشن کمیشن کو ایف آئی آر درج نہیں کرا دینی چاہیے تھی۔ اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ پر آج تک مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا۔

کانگریس نے  مانگ  کی ہے کہ اس پورے معاملے میں خاص طور سے 3 لوگ، جو پہلی نظر میں ملوث نظر آتے ہیں،سی ایم کھانڈو،ڈپٹی سی ایم اور ریاستی صدر پر کارروائی کی جائے۔کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دیر رات وزیراعلیٰ پیما کھانڈو، ڈپٹی سی ایم اور بی جے پی کے ریاستی صدر کے قافلے سے کل 1.8کروڑ روپے برآمد ہوئے ہیں۔ یہ رقم اس وقت بر آمدہوئی ہے جب صبح 10 بجے وزیراعظم مودی کی اروناچل پردیش کے پاسی گھاٹ میں ریلی ہونے والی تھی۔

سرجے والا نے کہا کہ ‘پارٹی کی   مانگ  ہے کہ اس معاملے میں وزیراعظم مودی، وزیراعلیٰ کھانڈو اور نائب وزیر اعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔انھوں نے سوال ٹھایا کہ الیکشن کمیشن اب تک کیوں سو رہا ہے،اس معاملے میں اس نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی اور کوئی کیس درج کیوں نہیں کیا گیا ہے؟کیوں اس معاملے کو دبا دیا گیا؟’

غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن کے انتخابی خرچ سے متعلق افسر کی موجودگی میں کیش گننے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ گیسٹ ہاؤس میں موجود گاڑیوں سے یہ پیسہ برآمد ہوا۔ 5 گاڑیاں بھی پکڑی گئی ہیں۔سرجے والا نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا 1.8کروڑ روپےکی رقم کا استعمال پی ایم مودی کی ریلی میں ہونے والا تھا۔ آخر اتنی بڑی تعداد میں کہا ں سے پیسہ آیا۔ کیا اس سے نہیں لگتا کہ چوکیدار چور ہے۔

انھوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ’آج جمہوریت کے لیے کالا دن ہے۔ چور کی چوکیداری اور چوکیدار کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے۔کیا اس طرح سے بلیک منی سے ریلی میں نوٹ منگوا کر ،نریندر مودی جی انتخابات جیتنا چاہتے ہیں؟کیا اب وزیر اعلیٰ کے Carcades کو پیسہ لانے اور لے جانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔’

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)