گجرات سے بی جے پی کے ایم ایل اے رمیش کٹارا نے ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ جو لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے ، ان کو کام نہیں دیا جائے گا۔
نئی دہلی : گجرات کے ایک بی جے پی ایم ایل اے نے سوموار کو لوگوں سے کہا کہ اگر وہ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں تو ان کو کام نہیں دیا جائے گا۔ کچھ دن پہلے مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما مینکا گاندھی نے ایسا ہی بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر مسلم ان کو ووٹ نہیں دیں گے تو وہ مسلمانوں کا کام نہیں کریں گی ۔فتح پورہ کے ایم ایل اے رمیش کٹارا نے کہا کہ بی جےپی کے لیے ووٹنگ میں کوئی غلطی نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘مودی صاحب’ نے پولنگ بوتھ پر نگرانی کے لیے کیمرے لگوا رکھے ہیں ۔ وہ داہود سے بی جے پی کے لوک سبھا امیدوار جسونت سنگھ بھبور کے لیے انتخابی تشہیر کر رہے تھے ۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، کٹارا نے کہا کہ ، بی جے پی کو کس نے ووٹ دیا ، کانگریس کو کس نے ووٹ دیا ، یہ سب دکھائی دیتا ہے ۔ آدھار کارڈ اور سبھی کارڈ میں آپ کا فوٹو ہے ، اگر آپ کے بوتھ سے کم ووٹ پڑتے ہیں تو ان کو پتہ چل جائے گا کہ کس نے ووٹ نہیں ڈالا اور پھر آپ کو کام نہیں ملے گا۔
BJP MLA from Fatehpura, Ramesh Katara: Who voted for BJP, who for Congress, it can be seen. Aadhaar Card & all cards have your photo now, if there are less votes from your booth then he will come to know who did not cast vote & then you will not get work. #Gujarat (15.04) (2/2) pic.twitter.com/JZT4azsRBD
— ANI (@ANI) April 16, 2019
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو داہود سے بی جے پی امیدوار جسونت سنگھ بھبھور کی فوٹو دکھائی دے گی اور کمل کا نشان دکھے گا۔ یہ دیکھتے ہی آپ کو فوراً بٹن دبانا ہے ۔ اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ مودی صاحب نے ہر جگہ کیمرہ لگوا رکھا ہے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے مینکا گاندھی کے اسی طرح کے ایک بیان پر 48 گھنٹے یعنی دو دن کے لیے انتخابی مہم پر روک لگادی ہے۔مینکا گاندھی نے کہا تھا کہ اگر میری جیت مسلمانوں کے بنا ہوگی تو مجھے بہت اچھا نہیں لگے گا۔ پھر دل کھٹا ہو جاتا ہے اور جب مسلمان کسی کام کے لیے آتے ہیں تو پھر میں سوچتی ہوں کہ نہیں رہنے ہی دو ، کیا فرق پڑتا ہے ،آخر نوکری ایک سودے بازی ہی ہوتی ہے۔
Categories: خبریں