ای ڈی نے گزشتہ سوموار کو اگستا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالہ میں گرفتار مبینہ ڈیفنس ایجنٹ سوشین موہن گپتا کی ضمانت عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کورٹ سے کہا کہ جیسے 36 بزنس مین ملک سے بھاگ گئے، ویسے ہی یہ بھی بھاگ سکتے ہیں۔
نئی دہلی: ای ڈی نے سوموار کو اگستا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالہ میں گرفتار مبینہ دفاعی ایجنٹ سوشین موہن گپتا کی ضمانت عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مجرمانہ معاملوں میں ملزم 36 بزنس مین ملک چھوڑکر بھاگ گئے، اسی طرح یہ بھی بھاگ سکتے ہیں۔ای ڈی نے اسپیشل جج اروند کمار کو بتایا کہ وجے مالیا اور نیرو مودی سمیت 36 بزنس مین حال کے دنوں میں ملک سے بھاگ چکے ہیں۔
جانچ ایجنسی کے خاص سرکاری وکیل ڈی پی سنگھ اور این کے مٹ نے سوشین موہن کے اس دعویٰ کو خارج کیا کہ وہ کافی سماجی آدمی ہیں اور کہا، ‘ مالیا، للت مودی، نیرو مودی، میہل چوکسی اور سندیسرا بردرس (اسٹرلنگ بایوٹیک لمیٹڈ کے پرموٹرس) کی بھی سماج میں کافی جان-پہچان تھی۔ اس کے باوجود وہ ملک چھوڑکر بھاگ گئے۔ ایسے 36 کاروباری ہیں جو پچھلے کچھ سالوں میں ملک سے بھاگ گئے۔
سماعت کے دوران، ای ڈی کے وکیل سمویدنا ورما نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش ایک اہم مرحلے میں ہے اور ایجنسی یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہی تھی کہ سوشین موہن کی ڈائری میں لکھا گیا لفظ ‘ آرجی ‘ کون ہے۔سمویدنا ورما نے الزام لگایا کہ سوشین موہن معاملے میں گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے ثبوتوں کو تباہ کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ کورٹ نے سوشین موہن کی ضمانت عرضی پر 20 اپریل کے لئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
سوشین موہن نے اس بنیاد پر راحت مانگی ہے کہ ایجنسی نے پہلے ہی تفتیش پوری کر لی ہے اور معاملے میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ موہن کو ایجنسی نے پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت گرفتار کیا تھا۔
ای ڈی کے افسروں نے کہا کہ معاملے میں سوشین موہن کا کردار راجیو سکسینہ کے ذریعے کئے گئے انکشاف کی بنیاد پر سامنے آیا۔ سکسینہ کو یواےائی سے نکالے جانے اور ایجنسی کے ذریعے گرفتار کئے جانے کے بعد اس معاملے میں گواہ (اپروور) بنایا گیا ہے۔ایسا شک ہے کہ 3600 کروڑ روپے کے اگستا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر ڈیل معاملے میں سوشین موہن کے پاس کچھ دائیگی کی جانکاری ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں