اگست 2015 میں کرناٹک کے دھارواڑ میں ایم ایم کلبرگی کو ان کے گھر کے دروازے پر گولی مارکر قتل کر دیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کی شناخت پریڈ میں ان کی بیوی نے سناتن سنستھا سے جڑے ایک ملزم کو پہچان لیا ہے۔
نئی دہلی: ایم ایم کلبرگی کی بیوی اومادیوی کلبرگی نے ان پر گولی چلانے والے آدمی کو پولیس کی شناخت پریڈ میں پہچان لیا ہے۔ 30 اگست 2015 کو کلبرگی کو ان کے گھر کے دروازے پر گولی مارکرقتل کر دیا گیا تھا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، بتایا جا رہا ہے کہ بدھ کو پولیس کے ذریعے کروائی جانے والی شناختی کارروائی میں اومادیوی نے جس آدمی کو پہچانا ہے وہ گنیش مسکین (27) ہے۔
کرناٹک پولیس کی ایس آئی ٹی کے ذریعے ہندتواوادی گروپ سناتن سنستھا سے جڑے مسکین کو صحافی گوری لنکیش کے قتل کے معاملے میں پکڑا گیا تھا۔کلبرگی کے بیٹے شری وجئے کلبرگی نے بتایا کہ ان کی ماں نے مجرم کو پہچان لیا تھا، لیکن ان کو اس کی پہچان نہیں بتائی گئی ہے۔ وہیں کرناٹک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اومادیوی کے ذریعے پہچانا گیا شخص گنیش مسکین ہے۔
ریاست کے ہبلی سے آنے والے مسکین کو گزشتہ سال گوری لنکیش کے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نومبر 2018 میں ایس آئی ٹی کی چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ لنکیش کا قتل کرنے کے لئے شوٹر پرشورام واگھ مورے کو ان کے گھر تک جس موٹر سائیکل پر لے جایا گیا، اس کو مسکین ہی چلا رہا تھا۔لنکیش کے قتل کے معاملے کی جانچ میں ملے ذرائع کی بنیاد پر 2018 میں ہی اس کو کرناٹک سی آئی ڈی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔
اس سال مارچ میں اومادیوی کی عرضی پر گوری لنکیش معاملے کو دیکھ رہی ایس آئی ٹی کو ہی کلبرگی قتل کی جانچ کا ذمہ بھی سونپ دیا گیا۔اومادیوی کی عرضی میں درج ایک پوائنٹ یہ بھی تھا کہ لنکیس کے قتل کے معاملے میں ہو رہی تفتیش میں سامنے آیا تھا کہ ان کے شوہر کو بھی ویسی ہی بندوق سے مارا گیا تھا، جس سے گوری کو مارا گیا۔ اس کے بعد مئی میں یہ معاملہ ایس آئی ٹی کے پاس پہنچا اور اس نے بتایا کہ مسکین کے علاوہ پروین پرکاش چتور مبینہ طور پر کلبرگی قتل میں شامل تھا۔
30 اگست 2015 کی صبح کلبرگی کے گھر دو لوگ موٹرسائیکل سے پہنچے تھے، جن میں سے ایک نے دروازہ کھٹکھٹایا جبکہ ایک گیٹ پر موٹر سائیکل لےکر کھڑا رہا۔ اوما دیوی کے دروازہ کھولنے پر اس آدمی نے کلبرگی کے بارے میں پوچھا۔ ان کے دروازے پر آتے ہی اس آدمی نے ان پر گولی چلائی اور بھاگ نکلا۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق؛ بدھ کی شناخت کے بعد مانا جا رہا ہے کہ مسکین ہی وہ آدمی ہے، جس نے کلبرگی کو گولی ماری۔ اس سے پہلے دوسرے گواہوں نے بتایا تھا کہ قتل کے دن چتور کو موٹرسائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔واضح ہو کہ سناتن سنستھا اور ہندو جن جاگرتی سمیتی پر ایم ایم کلبرگی، گوری لنکیش، نریندر دابھولکر اور گووند پانسرے کے قتل میں شامل ہونے کا الزام ہے۔
گزشتہ دنوں ایس آئی ٹی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایم ایم کلبرگی کے قتل سے پہلے ان کے قاتلوں کے لئے مبینہ طور پر ‘ ٹریننگ کیمپ ‘ یعنی لگایا گیا تھا۔غور طلب ہے کہ ہمپی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور جانے مانے دانشور کلبرگی کی 30 اگست 2015 کو کرناٹک کے دھارواڑ کے کلیان نگر واقع ان کے گھر میں ہی گالی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ کلبرگی 77 سال کے تھے۔
Categories: خبریں