خبریں

مہاراشٹر: 2 لوگوں کو مبینہ طور پر ’جئے شری رام‘ بولنے کو مجبور کیا گیا، 4 گرفتار

یہ معاملہ اورنگ آباد ضلع کا ہے۔ پچھلے ایک ہفتے کے اندر یہ اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔ 19 جولائی کو بیگم پورہ علاقے میں ایک نوجوان کو دس لوگوں نے ’جئے شری رام ‘  بولنے کے لیے مجبور کیا تھا۔

Screenshot-174-e1563612367331

نئی دہلی: مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں دو لوگوں کو مبینہ طور پر ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے کے لیے مجبور کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔پولیس نے سوموار کو کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں شہر میں یہ دوسرا ایسا واقعہ ہے۔ اس بارے  میں پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ واقعہ کے بعد شہر میں سکیورٹی  سخت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانا آرڈر کرنے والے ایپ زومیٹو کے لئے کام کرنے والے شیخ عامر (24) اور اس کا دوست شیخ ناصر (26) اتوار کو آزاد چوک پر آٹو کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی وقت چار-پانچ لوگ کار سے آئے اور دونوں سے جھگڑا شروع کر دیا۔ ان کو ان کی مذہبی شناخت کو لےکر گالیاں دیں اور ‘ جئے شری رام ‘ نہیں بولنے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

افسر نے بتایا کہ دونوں نے ڈر کی وجہ سے ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگایا۔ بعد میں کچھ راہ گیر کو آتے دیکھ کر تمام کار سوار وہاں سے بھاگ گئے۔ عامر اور ناصر نے واقعہ کی شکایت پولیس سے کی ہے۔دو نو جوانوں میں سے ایک شیخ عامر نے بتایا ہے کہ واقعہ اورنگ آباد کے آزاد چوک پر اتوار کی رات کو ہوا۔ اس وقت دونوں نو جوان کام سے واپس جا رہے تھے۔

 عامر نے بتایا کہ بیچ میں کار پر سوار کچھ لوگوں نے ان کا اور ان کے دوست کا راستہ روک لیا۔ ان لوگوں نے دونوں سے ‘ جئے شری رام ‘ بولنے کو کہا۔ جب نو جوانوں نے انکار کر دیا تو وہ دھمکانے لگے۔جن ستا کے مطابق، معاملے کے دو دن بعد پولیس نے چار انجینئرنگ  کےطلبا کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا تھا، جس کے بعد فوٹیج کھنگالے گئے اور ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔اورنگ آباد کے پولیس کمشنر چرنجیو پرساد نے کہا، ‘ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی  کی جائے‌گی۔ ‘

غور طلب ہے  کہ اس سے پہلے 19 جولائی کو ایسا ہی ایک واقعہ ہوا تھا، جہاں شہر کے بیگم پورہ علاقے کے ایک ہوٹل میں کام کرنے والے عمران اسماعیل پٹیل سے تقریباً 10 بدمعاشوں نے ان کی بائیک روک‌کر، اس کی چابی چھین‌کر ان سے ‘ جئے شری رام ‘ بولنے کو کہا تھا۔اس معاملے میں پولیس نے دس نامعلوم لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153-اے اور 144 کے تحت معاملہ درج کیا  ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)