خبریں

ہریانہ: پلول میں مبینہ گئو رکشک کا گولی مار‌ کر قتل

مرنے والے کے رشتہ دار نے گئوتسکروں کے ذریعے قتل کئے جانے کا الزام لگایا ہے۔ پلول پولیس نے بتایا کہ قتل کے معاملے میں نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، لیکن اب تک گئوتسکروں کے ذریعے قتل کئے جانے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

Palwal

نئی دہلی: ہریانہ کے پلول ضلع میں گزشتہ  سوموار کی شام ایک مبینہ گئورکشک کا گولی مار‌کر قتل کر دیاگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ 35 سالہ گوپال مقامی گئورکشا گروپ  کا ممبر تھا۔تنظیم کے دیگر ممبروں نے الزام لگایا ہے کہ گائے کی اسمگلنگ کر رہی ایک گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے گوپال پر حملہ کیا گیا اور ان کا قتل کر دیا گیا۔حالانکہ پولیس نے گئو تسکری سے متعلق معاملہ ہونے سے انکار کیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ‌کر رہی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پلول پولیس سپرنٹنڈنٹ نریندر بجرنیا نے بتایا، ‘ ہم قتل کے معاملے کی جانچ‌کر رہے ہیں۔ قتل میں گئوتسکروں کا ہاتھ ہونے کا اب تک کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ ‘یہ واقعہ پلول ضلع کے ہوڈل-نوح ہائی وے پر ہوا۔ یہ 42 کلومیٹر کی قومی شاہراہ ہے جو پلول ضلع کے ہوڈل قصبہ کو نوح سے جوڑتی ہے۔

مرنے والےگوپال کے چھوٹے بھائی جلویر کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے، ‘ وہ (گوپال) ایک گئورکشا جماعت کا فعال ممبر تھا اور گئوتسکروں کو اس سے دقت تھی۔ سوموار شام ہمیں جانکاری ملی کہ ہمارے بھائی کو گولی مار دی گئی ہے۔ ‘ایف آئی آر میں جلویر نے بتایا، ‘ میں اپنے گھر پہنچا اور دیکھا کہ اس کے پرائیویٹ پارٹس میں گولی ماری گئی تھی۔ ‘

دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، گوپال سوندہد گاؤں کے رہنے والے تھے۔ پولیس نے قتل کے معاملے  میں نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، لاش کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد گئورکشا جماعت کے ممبر نیشنل ہائی وے نمبر-19 پر واقع آگرہ چوک پہنچ گئے اور لاش لے جا رہی ایمبولینس کو راستے کے بیچ میں کھڑاکر کے جام لگا دیا۔ جس کے بعد پولیس نے  کافورس کا استعمال کر کےگئو رکشکوں کو راستے سے  ہٹا کر ایمبولینس کو روانہ  کرا دیا تھا۔