خبریں

کشمیر میں سب ٹھیک ہے، تو ہمیں جانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی: لیفٹ رہنما

جمعہ کو جموں و کشمیر جا رہے سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجا کو سرینگر ہوائی اڈے پر روک‌کر حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کو واپس دہلی لوٹا دیا گیا۔

سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجا اور سی پی آئی (ایم)   جنرل سکریٹری سیتارام یچوری (فوٹو : پی ٹی آئی)

سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجا اور سی پی آئی (ایم)   جنرل سکریٹری سیتارام یچوری (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سی پی آئی  کے جنرل سکریٹری ڈی راجا کو جمعہ کو جموں و کشمیر جانے کی اجازت نہیں دئےجانے کے بعد لیفٹ پارٹیوں   نے جمعہ کو مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات نارمل تھے تو دونوں رہنماؤں کو سرینگر ہوائی اڈے پر کیوں روکا گیا۔

واپس بھیجے جانے کے بعد صحافیوں  سے بات کرتے ہوئے یچوری نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مشہور بیان کو یاد کیا، جس میں انہوں نے-‘ جمہوریت، انسانیت، کشمیریت ‘ کا ذکر کیا تھا اور کہا کہ یہ المیہ ہے کہ بی جے پی وادی کے مسئلہ کے حل کے لئے اپنے ہی رہنما کی صلاح بھول گئی۔یچوری نے پوچھا، ‘ ہم عدالتی اور پولیس حراست میں تھے۔ ان کے پاس ہمارے نام کا حکم تھا جو انہوں نے مجھے دکھایا اور کہا کہ ہمیں اسی ہوائی جہاز سے واپس جانا ہوگا جس سے ہم آئے ہیں۔ ہم نے اس سے انکار کر دیا اور چار گھنٹے تک وہاں بیٹھے رہے۔ ہم نے انھیں اپنے دورے کے بارے میں پہلے اطلاع دی تھی۔

ہمیں حراست میں لینے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ جموں و کشمیر کا اصلی سچ سامنے نہیں آیا۔ اگر سب کچھ ٹھیک ہے تو پھر ہمیں کیوں روکا گیا؟ ‘یچوری اور راجا نے گورنر ستیہ پال ملک کو جمعرات کو خط لکھ‌کر اپنے سفر کی اطلاع دی تھی اور ان سے گزارش کی تھی کہ ان کو داخلے کی اجازت دی جائے۔یچوری نے کہا تھا، ‘ ہم دونوں نے جموں و کشمیر کے گورنر کو خط لکھ‌کر گزارش کی تھی کہ ہمارے سفر میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اس کے باوجود ہمیں حراست میں لے لیا گیا۔ میں اپنے بیمار کولیگ اور یہاں موجود ہمارے ساتھیوں  سے ملنا چاہتا تھا۔ ‘

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور کشمیری بھی۔ ایک کے بنا دوسرے کا وجود ممکن نہیں ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ جیسے ہی وہ ہوائی اڈے پر پہنچے ان کے بیگ ان سے لے لئے گئے اور ان کو ایک کمرے میں لے جایا گیا جہاں ان سے اسی ہوائی جہاز سے واپس دہلی لوٹ جانے کے لئے کہا گیا۔

ان کے انکار کرنے پر بتایا گیا کہ ایک مجسٹریٹ کو بلایا گیا ہے جس نے ان کو حراست میں لینے اور ہوائی اڈے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ ان کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی شہر میں نہیں بھیجا جا سکتا کیونکہ ‘ لاء اینڈ آرڈر کے حالات ‘ بن سکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہسی پی آئی(ایم)کےجنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سی پی آئی  رہنما ڈی راجا بیمار ایم ایل اے یوسف تریگامی سے ملاقات کرنے جا رہے تھے۔جب جمعہ کی دوپہر سرینگر ہوائی اڈے پران کو حراست میں لے لیا گیاتھا۔اس سے پہلے کانگریسی رہنما غلام نبی آزاد کو جمعرات کو حراست میں لیا گیا تھا اور سرینگر ہوائی اڈے سے دہلی واپس بھیج دیا گیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)