بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیامان پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ جب میں انتخاب لڑ رہی تھی تو ایک مہاراج نے مجھ سے کہا تھا کہ اپنی پوجا کا وقت کم مت کرنا کیونکہ بہت برا وقت ہے۔ اپوزیشن ایک ایسی’ مارک شکتی’ کا استعمال بی جے پی پر کر رہا ہے جو بی جے پی کو نقصان پہنچانے کے لئے ہے۔
نئی دہلی : مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیامان پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ بابولال گور کی خراج عقیدت کے جلسہ میں کہا کہ اپوزیشن کے ذریعے بی جے پی رہنماؤں پر ‘مارک شکتی’ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعے جاری ایک ویڈیو میں پرگیہ ٹھاکر ایک قصہ سناتے ہوئے کہتی ہیں،’جب میں انتخاب لڑ رہی تھی تو ایک مہاراج نے مجھ سے کہا تھا کہ اپنی سادھنا کا وقت کم مت کرنا، اپنی سادھنا کا وقت بڑھاتے جانا کیونکہ بہت برا وقت ہے۔ اپوزیشن ایک ایسا کام کر رہا ہے، ایسی مارک شکتی کا استعمال بی جے پی پر کر رہا ہے اور وہ بی جے پی کو نقصان پہنچانے کے لئے ہے۔ ‘
#WATCH Pragya Thakur,BJP MP: Once a Maharaj ji told me that bad times are upon us&opposition is upto something, using some 'marak shakti' against BJP.I later forgot what he said,but now when I see our top leaders leaving us one by one,I am forced to think,wasn't Maharaj ji right? pic.twitter.com/ZeYHkacFJj
— ANI (@ANI) August 26, 2019
انہوں نے کہا، ‘ یقینی طور پر بی جے پی کے محنتی، لائق اور ایسے لوگ جو بی جے پی کو سنبھالتے ہیں، یہ ان پر اثر کرےگا، ان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ آپ نشانے پر ہیں اس لئے دھیان رکھیےگا اور یہ ہونے والا ہے۔ ان مہاراج جی کی بات کو میں نے بھیڑ میں چلتے-چلتے سنا اور بھول گئی لیکن آج دیکھتی ہوں کہ اصل میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کبھی سشما جی، کبھی بابولال گور جی اور اب جیٹلی جی ہمارے رہنما تکلیف سہتے-سہتے جا رہے ہیں۔ دل میں ایک بار آیا کہیں یہ سچ تو نہیں، یہ سوال کرنے والا ضرور ہے لیکن سچ ہے کہ ہمارے بیچ سے ہماری قیادت مسلسل جا رہی ہے، قبل از وقت جا رہی ہے۔ ‘
غور طلب ہے کہ گزشتہ سنیچر کو 66 سالہ جیٹلی کا دہلی کے ایمس میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا تھا۔ ان کو نو اگست کو ایمس میں بھرتی کرایا گیا تھا۔اس سے پہلے مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ بابولال گور کا انتقال ہوا اور اسی مہینے ملک کی سابق وزیر خارجہ اور بی جے پی کی قدآور رہنما سشما سوراج کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔
پرگیہ ٹھاکر اس سے پہلے بھی کئی ایسے بیان دے چکی ہیں، جن پر تنازعات کھڑے ہوئے ہیں۔ گزشتہ جولائی کے مہینے میں ان کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں وہ کہتی نظر آ رہی تھیں کہ رکن پارلیامان نالی اور بیت الخلا صاف کرانے کے لئے نہیں بنے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی طرف سے جاری اس ویڈیو میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے سیہور میں کارکنان سے کہا تھا، ‘ ہم نالی صاف کروانے کے لئے نہیں بنے ہیں۔ ہم آپ کا بیت الخلا صاف کرنے کے لئے بالکل نہیں بنائے گئے ہیں۔ ہم جس کام کے لئے بنائے گئے ہیں، وہ کام ہم ایمانداری سے کریںگے۔ ‘
اس سے پہلے پرگیہ ٹھاکر نے لوک سبھا انتخابی تشہیر کے دوران مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو وطن پرست بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ ان کو دہشت گرد کہہ رہے ہیں ان کو انتخابی نتیجہ کے بعد جواب مل جائےگا۔
انہوں نے کہا تھا، ‘ ناتھو رام گوڈسے وطن پرست تھے، وطن پرست ہیں اور وطن پرست رہیںگے۔ ان کو دہشت گرد کہنے والے لوگ اپنے گریبان میں جھانککر دیکھیں، اب کے انتخاب میں ایسے لوگوں کو جواب دے دیا جائےگا۔ ‘
اس کے بھی پہلے پرگیہ ٹھاکر نومبر 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے چیف ہیمنت کرکرے کے بارے میں بھی متنازعہ بیان دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ کرکرے کی موت ان کی بددعا کی وجہ سے ہوئی تھی۔
Categories: خبریں