خبریں

ملک کی پہلی خاتون ڈی جی پی کنچن چودھری کا انتقال

سابق وزیر اعلیٰ این ڈی تیواری کی مدت کار کے دوران اتراکھنڈ کے ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالنے والی کنچن چودھری سال 2007 میں ریٹائر ہو گئی تھیں۔ چودھری کی ہی زندگی پر مشہور سیریل ’اڑان‘ بنایا گیا تھا۔

فوٹو: بہ شکریہ ٹوئٹر، اتراکھنڈ پولیس

فوٹو: بہ شکریہ ٹوئٹر، اتراکھنڈ پولیس

نئی دہلی: اتراکھنڈ پولیس چیف کا عہدہ حاصل کر ملک کی پہلی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)بنیں کنچن چودھری بھٹاچاریہ کے انتقال پر ریاستی پولیس نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کیا ہے۔ سال 1973 بیچ کی ملک کی دوسری خاتون آئی پی ایس افسر بھٹاچاریہ گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار تھیں اور گزشتہ سوموار رات ممبئی میں انھوں نے آخری سانس لی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں ریاستی پولیس نے کہا،’ ریاست کی سابق ڈی جی پی کنچن چودھری بھٹاچاریہ کے انتقال پر اتراکھنڈ پولیس ان کے رشتہ داروں کے تئیں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کرتی ہے۔’اتراکھنڈ آئی پی ایس ایسوسی ایشن نے بھی بھٹاچاریہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیک صفت افسر تھیں۔

بھٹاچاریہ نے سال 2004 میں اتراکھنڈ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا عہدہ سنبھال کر ملک کی پہلی خاتون ڈی جی پی بننے کا شرف حاصل کیا تھا۔بھٹاچاریہ کرن بیدی کے بعد ملک کی دوسری خاتوں آئی پی ایس افسر تھیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نارائن دت تیواری کی مدت کار کے دوران اتراکھنڈ کے ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالنے والی کنچن چودھری سال 2007 میں ریٹائر ہو گئی تھیں۔اس کے بعد انھوں نے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر 2014 میں ہریدوار لوک سبھا سیٹ سے الیکشن بھی لڑا تھا۔بھٹاچاریہ کی بہن کویتا چودھری نے ان کی زندگی پر مبنی ٹی وی سیریل ‘اڑان’ بنایا تھا جو کافی مقبول ہوا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)