آسام کے سلچر سے دو بار ایم ایل اے رہ چکے دلیپ کمار پال نے کہا کہ جدید سائنس دانوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر بھگوان کرشن کی طرح بانسری بجائی جائے تو گائے کئی گنا زیادہ دودھ دےگی۔
نئی دہلی: آسام بی جے پی کے رہنما دلیپ کمار پال کا کہنا ہے کہ گائے کا دودھ نکالتے وقت بانسری بجانے سے وہ زیادہ دودھ دیتی ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، سلچر سے دو بار ایم ایل اے رہ چکے دلیپ کمار نے کہا کہ بھگوان کرشن کی طرح بانسری بجائے جانے سے گائے کئی گنا زیادہ دودھ دیتی ہے۔سلچر میں اتوارکی شام کو پال نے ایک عوامی تہوارکی افتتاحی تقریب میں کہا، ‘جدید سائنس دانوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر ہم بھگوان کرشن کی طرح بانسری بجائی جائے تو گائے کئی گنا زیادہ دودھ دیتی ہے۔ ‘
انہوں نے کہا، ‘میں کوئی سائنس داں نہیں ہوں لیکن ہندوستانی روایتوں کے وسیع مطالعہ کے ساتھ میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ دعوے صحیح ہیں اور آج کل سائنس دانوں نے بھی ان پر اعتماد کرنا شروع کر دیا ہے۔ ‘2014 میں سلچر اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخاب جیتنے کے بعد پال پہلی بار ایم ایل اے چنے گئے تھے۔ انہوں نے 39000 ووٹوں کے ساتھ سابق مرکزی وزیر سنتوش موہن دیو کی بیوی بیتھیکا دیو کو ہرایا تھا۔
پال کو آسام اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر بھی چنا گیا، جو آسام میں کسی بنگالی زبان کے ایم ایل اے کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔سلچر میں مشترکہ پارلیامانی کمیٹی کے وجود میں آنے سے ایک دن پہلے مئی 2018 میں پال نے فیس بک پر اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں۔
لمبے وقت سے آر ایس ایس کے حامی رہے پال آسام میں بنگالی غلبہ والے براک ویلی کے 15 ایم ایل اے میں سے ایک ہیں۔براک ویلی کے تین ضلعوں میں تقریباً 35 لاکھ بنگالی زبان بولنے والے لوگ رہتے ہیں، جن میں سے تقریباً چار لاکھ لوگوں کے نام این آر سی کے آخری مسودہ میں شامل نہیں ہیں۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ سال سلچر سے رکن پارلیامان اور آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر سشمیتا دیو کی تنقید کرنے کو لےکر پال تنازعات میں آ گئے تھے۔دراصل نئی دہلی میں ایک مظاہرہ کے دوران سشمیتا دیو ایک مرد حامی کے کندھے پر سوار ہو گئی تھیں، جس کو لےکر پال نے ان کے (سشمیتا دیو) لئے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا تھا۔سشمیتا دیو کے 50 کی عمر میں غیر شادی شدہ رہنے پر پال نے ان کا مذاق اڑایا تھا۔
Categories: خبریں