خبریں

آرے کالونی: 29 مظاہرین کو رہا کیا گیا، دفعہ 144میں چھوٹ

گزشتہ  اتوار کو ایڈیشنل سیشن جج نے سات ہزار روپے کے نجی  مچلکے اور مظاہرہ نہ کرنے کی شرط پر مظاہرین کو ضمانت دی تھی۔

 ممبئی کے آرے کالونی میں درخت کاٹنے کی مخالفت کر رہے لوگوں کو پولیس نےحراست میں لیا ہے۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

ممبئی کے آرے کالونی میں درخت کاٹنے کی مخالفت کر رہے لوگوں کو پولیس نےحراست میں لیا ہے۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: آرے کالونی میں میٹرو کار شیڈ بنانے کے لئے درختوں کی کٹائی کے دوران مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کو روکنے اور ان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کئے گئے 29 مظاہرین کو ضمانت ملنے کے بعد سوموار کو رہا کر دیا گیا۔ممبئی پولیس نے آرے کالونی اور اس کے آس پاس کے علاقے میں لگی پابندیوں میں بھی نرمی دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ایچ سی شندے نے گزشتہ  اتوار کو کچھ شرطوں کے ساتھ مظاہرین کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان شرطوں میں، سات ہزار روپے کا نجہ مچلکہ اور یہ یقین دہانی شامل ہے کہ وہ مظاہرہ میں حصہ نہیں لیں‌گے۔

پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ حکم پر عمل کرتے ہوئے ٹھانے سینٹرل جیل میں بند24مظاہرین کو سوموار صبح رہا کر دیا گیا۔ انہوں نےبتایا کہ ان کے علاوہ پانچ خاتون مظاہرین کو بھائی کلا جیل سے قانونی ضابطہ پورا کرنے کے بعد رہا کیا گیا۔شمالی ممبئی کے آرے کالونی میں ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ( ایم ایم آر سی ایل)کے ذریعے درختوں کی کٹائی کی مخالفت کر رہےماحولیاتی کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، جس کے بعد جمعہ کی رات اور سنیچر کو یہ گرفتاریاں ہوئی تھیں۔

ایک اورافسر نے بتایا کہ اس بیچ، پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ 144 میں چھوٹ بھی دی۔ممبئی پولیس کے ترجمان پرنیہ اشوک نے کہا،ہم نے دفعہ 144 پوری طرح سے نہیں ہٹائی ہے، لیکن مقامی لوگوں کو آنے-جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آرے میں غیر قانونی طریقے سے جمع ہونے یا کسی کے بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کاروائی کی جائے‌گی۔پولیس نے سنیچر کو آرے کالونی میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی تھی، جس کے تحت لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگی۔ اس کی میعاد اتوار کو بڑھا دی گئی تھی۔

اس بیچ، سپریم کورٹ نے سوموار کو آرے کالونی میں پیڑ کاٹنے پر روک لگا دی اور مہاراشٹر حکومت کو حکم دیا کہ اگلی سماعت تک وہ اس معاملے حالات کو برقرا  رکھیں۔جسٹس ارون مشرا اور جسٹس اشوک بھوشن کی خصوصی بنچ نے کہا کہ وہ مکمل حالات کا تجزیہ کریں‌گے۔ ساتھ ہی بنچ نے اس سے متعلق دائرعرضی پر اگلی سماعت کے لئے 21 اکتوبر کی تاریخ طے کی۔

کورٹ نے ہدایت دی کہ اگر کوئی گرفتاری کے بعد اب تک رہا نہیں کیا گیا ہے تو اس کو ذاتی مچلکہ بھرنے کے بعد رہا کر دیا جائے۔سماعت کے دوران مہاراشٹر حکومت نے بنچ سے کہا تھا کہ آرے میں درختوں کی کٹائی کے خلاف مظاہرہ کے دوران گرفتار کئے گئے تمام لوگوں کو رہا کر دیا گیا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)