خبریں

منوہر لال کھٹر نے کہا، پر امید ہوں، ہم ہریانہ میں حکومت بنا نے جا رہے ہیں

ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی کو 40 سیٹوں پر جیت ملی ہے۔ وہیں کانگریس کے کھاتے میں 31 اور جے جے پی کے کھاتے میں 10 سیٹیں آئی ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر کی کہنا ہے کہ ان کو امید ہے کہ بی جے پی ریاست میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ جن ستا کی رپورٹ کے مطابق، ہریانہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی 40 سیٹوں پر جیت درج کر چکی ہے لیکن وہ اکثریت سے 6 سیٹیں دور ہیں۔بی جے پی نے لگاتار دوسری بار ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کی تیاسری شروع کر دی ہے۔

منوہر لال کھٹر دہلی پہنچ گئے ہیں اور بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق، ریاست میں حلف برداری کی تقریب جمعہ کو ہو سکتی ہے۔ منوہر لال کھٹر نے کہا،’جیسے ہی ہریانہ میں بی جے پی کی دوبارہ حکومت بنتی ہے، ریاست میں ایماندار اور جوابدہ حکومت کے ذریعے عوامی کام تیز رفتار سے شروع ہو جائیں گے۔

ہریانہ میں حکومت بنانے کے لیے بی جے پی پارٹی کے 6 باغیوں اور آئی اینایل ڈی چیف اوم پرکاش چوٹالا کے بھائی رنجیت چوٹالا سے رابطہ کر چکی ہے۔ ان سبھی نے آزادانہ طور پر الیکشن جیتا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہریانہ لوک ہت پارٹی کے گوپال کانڈا سے بھی بات چیت چل رہی ہے۔

اس بیچ ہریانہ کی پرتھلا اسمبلی سیٹ سے آزاد ایم ایل اے نین پال راوت نے کہا ہے کہ وہ بی جے پی کو اپنی حمایت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، میں بی جے پی کو اپنی حمایت دے رہاہوں ۔ میں جے پی نڈا سے ملاقات کرچکا ہوں۔ وہیں کانگریس نے ریاست میں 31 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ دشینت چوٹالا کے حصے میں 10 سیٹیں آئی ہیں۔

اس بیچ دیپیندر سنگھ ہڈا نے کہا ہے کہ ، کھٹر سرکار کا حصہ بننے جارہے آزاد ایم ایل اے اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔ وہ لوگوں کا یقین بیچ رہے ہیں۔ ہریانہ کے لوگ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ لوگ انہیں جوتوں سے پیٹیں گے۔