خبریں

ہماچل پردیش: خاتون کو ڈائن بتا کر سیاہی پوتی، جوتوں کی مالا پہنا کر گھمایا، 21 گرفتار

معاملہ  منڈی ضلعے کاہے، جہاں ایک بزرگ خاتون کو ڈائن بتاکر ان کے ساتھ بد تمیزی کی گئی ۔ متاثرہ خاتون  کی بیٹی کا الزام  ہےمذہبی عقیدے  کی آڑ لے کر ان کی زمین پر قبضہ کرنے کے ارادے سے ایسا کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جانچ کے حکم  دیے۔

mandi

نئی دہلی : ہماچل پردیش کے منڈی ضلعے میں 81 سال کی بزرگ خاتون  کو ڈائن بتاکر ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے  کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ معاملے میں اب تک 21 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔لوگوں نے جادو ٹونا کرنے کے شک میں خاتون کے منھ پر سیاہی  پوت کر، ان کے بال کاٹ کر اور گلے میں جوتوں کی مالا پہناکر انہیں پورے گاؤں میں گھمایا۔سوشل میڈیا پر اس واقعہ کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ معاملے میں اب تک 21 لوگوں کی گرفتاری ہو چکی ہے۔

دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ  6 نومبر کو منڈی ضلعے کے سرکاگھاٹ  کے سماہل گاؤں میں ہوا۔ متاثرہ  فی الحال صدمے میں ہیں اور ان کے داماد انہیں اپنے ساتھ ہمیرپور لے گئے ہیں۔ان کی بیٹی ترپتا نے الزام  لگایا کہ مذہبی عقیدے کی آڑ لے کر ایک خاتوں رشتےدار ان کی ماں کو ڈائن بتاکر انہیں مارنا چاہتی ہے، تاکہ ان کی زمین پر قبضہ کر سکے۔ ڈیڑھ دہائی  سے ان کے ساتھ زمین کا تنازعہ  چل رہا ہے۔

متاثرہ کے شوہر کی موت ہو چکی ہے۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں، جن کی شادی ہو چکی ہے۔ ترپتا نے بتایا کہ پہلے بھی ان کی ماں پر حملے ہو چکے ہیں۔وزیراعلیٰ جئے رام ٹھاکر کے نوٹس  لینے کے بعد پولیس نے متاثرہ کی بیٹی کی شکایت پر پجاری کی بیٹی نشو سمیت 20 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ وزیراعلیٰ جئے رام ٹھاکر نے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوبھومی میں ایسے کام  برداشت نہیں کئے جائیں گے۔

متاثرہ کی بیٹی نے کہا کہ ان کی فیملی  ناگ دیوتا کی پوجا کرتی ہے جبکہ پورا علاقہ ماہو ناگ دیوتا کی پوجا کرتا ہے۔ ماہو دیوتا کے پجاری  کی بیٹی نشو کے کہنے پر ہی لوگوں نے بزرگ خاتون پر حملہ کیا۔وہیں، نشو کا کہنا ہے کہ متاثرہ کی فیملی  ناگ دیوتا کی پوجا کرتی ہے۔ جادو ٹونا بھی کرتی ہے، جس کی  وجہ سے اس کے والد  کی موت ہوئی تھی۔

وہیں، متاثرہ  کی بیٹی نے بتایا، ‘دیوتا کا تو بہانا ہے۔ حملے کی اصلی وجہ کروڑوں روپے کی ان کی زمین ہے، جس پر گاؤں والے اور ہمارے رشتےدار آنکھیں گڑائے بیٹھے ہیں۔ وہ  ماں کو مارکر اس  زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کا کوئی بیٹا نہیں ہے۔’منڈی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ  گورو شرما نے بتایا، ‘ہم نے اس بارے میں 21 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور آگے کی جانچ جاری ہے۔’

دینک جاگرن کے مطابق، پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے اب تک 21 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں 7 عورتیں  ہیں۔ پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ  147, 149, 452, 435, 355 اور 427 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔مقامی  دیوتا کو ماننے والے لوگوں کی طرف  سےرد عمل کے خدشے کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ  نے علاقے میں دفعہ  144 لگا دی ہے کیونکہ معاملے کا کلیدی ملزم دیوتا کا پجاری ہے۔