خبریں

اترپردیش: مڈ ڈے میل میں نکلا مرا چوہا، پرنسپل سمیت 5 کے خلاف معاملہ درج

معاملہ مظفر نگر کا ہے جہاں ایک گاؤں کے سرکاری اسکول میں مڈ ڈے میل کے دوران کھانے سے مرا ہوا چوہا ملنے کے بعد ایک استاد اور 8 بچوں کی طبیعت خراب ہو گئی۔ضلع انتظامیہ نے جانچ کے حکم دیے ہیں۔

علامتی تصویر: رائٹرس

علامتی تصویر: رائٹرس

نئی دہلی: اتر پردیش کےمظفرنگر میں ایک سرکاری اسکول میں مڈ ڈے میل کے دوران پروسے گئے کھانے میں مرا ہوا چوہا ملنے کے واقعہ  کی جانچ کے حکم  دے دیے گئے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ امت کمار سنگھ کے مطابق، مظفر نگر کے مصطفی آباد پنچیڈا گاؤں کے جنتا انٹر کالج میں مڈ ڈے میل کے دوران ایک کے کھانے سے مرا ہوا چوہا ملنے کے بعد آٹھ طلبا اور ایک استاد  کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کے بعد ان کو  اسپتال میں داخل  کرایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت  تک کسی نے کھانا نہیں کھایا تھا۔ سنگھ نے کہا کہ معاملے کی جانچ کے حکم دے دیے گئے ہیں۔ لاپرواہی کرنے کا مجرم  پائے جانے پر مجرمین  کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔ریاست  کے وزیر تعلیم ستیش دویدی نے کہا کہ اسکول  میں کھانے کی سپلائی کرنے والے این جی او ‘جن کلیان سیوا سمیتی’ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

امر اجالا کے مطابق، ایف آئی آر میں جن کلیان سیوا سمیتی، ہاپڑ کے ایڈیشنل پرنسپل  ونود کمار، اسسٹنٹ ٹیچر سنجیو کمار، منو پرساد اور ببیتا کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔دویدی نے کہا، ‘شروعاتی جانچ کے مطابق، ایک این جی او نے کھانے کی سپلائی کی تھی۔ ہم نے اس این جی او کو بلیک لسٹ کر دیا ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جانچ پوری ہونے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔’

غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں مڈ ڈے میل میں لاپرواہی برتنے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔اس سے پہلے اتر پردیش کے سون بھدر ضلع کے ایک مقامی  اسکول میں مڈ ڈے میل اسکیم  کے تحت مبینہ طور پر ایک لیٹر دودھ میں ایک بالٹی پانی ملاکر 85 طلبا  کو پلانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔