عام آدمی پارٹی کے ذریعے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا گیا تھا، جس میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری عآپ کے تشہیری نغمہ پر ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تیواری نے کہا کہ ویڈیو کے بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرنےکے بعد دہلی بی جے پی نے اتوار کوعام آدمی پارٹی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج کر 500 کروڑ روپے کا ہرجانہ مانگا ہے۔ہندستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، عام آدمی پارٹی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے، جس میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری اسمبلی الیکشن کے لیے عام آدمی پارٹی کے تشہیری نغمہ کی دھن پر ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔
#LageRahoKejriwal song is so good even sir @ManojTiwariMP is also dancing on it. pic.twitter.com/Ye3077PMK4
— AAP (@AamAadmiParty) January 11, 2020
یہ ویڈیو منوج تیواری کے ایک پرانے بھوجپوری البم کا ایڈٹ کیا ہوا حصہ ہے، جس میں پیچھے ان کے گیت کے بجائے آئندہ اسمبلی الیکشن کے لیے تیار کیا گیا عآپ کا تشہیری نغمہ ‘لگے رہو کیجریوال’ بج رہا ہے۔اس بارے میں منوج تیواری نے کہا، ‘عام آدمی پارٹی کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ الیکشن کے لیے اپنے تھیم سانگ کے لیے میرے ویڈیو کا استعمال کریں؟’
دہلی بی جے پی صدر تیواری نے بتایا کہ اس بارے میں الیکشن کمیشن کے سامنے بھی شکایت کی گئی ہے۔ ہتک عزت کے لیے 500 کروڑ روپے کے ہرجانے اور آئی پی آر (Intellectual property rights)کو لےکر بھی شکایت کی گئی ہے۔
Delhi BJP in a letter to State Election Commission: AAP has created fake video & is circulating the same. Purpose of this video is to malign image of our party&our campaigner Manoj Tiwari. We request you to take stringent action& direct AAP to withdraw video from Twitter.
— ANI (@ANI) January 12, 2020
دہلی بی جے پی صدر نے یہ بھی کہا کہ کیجریوال آئندہ اسمبلی الیکشن میں ان کی پارٹی کے ہار کے امکانات سے بوکھلائے ہوئے ہیں۔وہیں، دہلی بی جے پی کے میڈیا ہیڈ نیل کانت بکشی نے کہا کہ آپ کی تشہیری مہم میں تیواری کے چہرے کا استعمال دکھاتا ہے کہ وہ کیجریوال سے زیادہ مقبول ہیں۔
عام آدمی پارٹی نے ابھی تک اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔
‘PAAP’ ki Adalat… pic.twitter.com/mpnbi417ay
— BJP Delhi (@BJP4Delhi) January 10, 2020
اس سے پہلے بی جے پی کے ذریعے بھی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا گیا تھا۔معلوم ہو کہ دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے آٹھ فروری کو الیکشن ہونا ہے۔ نتیجہ 11 فروری کو آئیں گے۔دہلی میں کل 1.46 کروڑ ووٹر ہیں۔ 6 جنوری کو الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گئی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں