خبریں

سال 2018 میں کسانوں سے زیادہ بے روزگاروں اور نجی کاروبار کرنے والوں نے کی خودکشی: این سی آر بی

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آربی) کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2018 میں اوسطاً 35 بے روزگاروں اور نجی کاروبار سے جڑے 36 لوگوں نے ہر دن خودکشی کی۔ اس سال 12936 بے روزگاروں اور نجی کاروبار سے جڑے 13149 لوگوں نے خودکشی کی۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: ایک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2018 میں ہر دن اوسطاً 35 بے روزگاروں اور نجی کاروبار سے جڑے 36 لوگوں نے خودکشی کی۔ اس کے ساتھ ہی ان دونوں زمروں کو ملاکر اس سال 26085 لوگوں نے خودکشی کی۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آربی) کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2018 میں 12936 بے روزگاروں نے اور نجی کاروبار سے جڑے 13149 لوگوں نے خودکشی کی۔ یہ اعدادوشمارزراعتی شعبہ سے جڑے خودکشی کرنے والے 10349 لوگوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سال 2018 میں ملک میں خودکشی کرنے والے کل لوگوں  میں سے 9.8 فیصد (13149) نجی کاروبار سے جڑے لوگ تھے۔رپورٹ کے مطابق، سال 2018 میں کل 5773 کسانوں میں سے 5457 مرد اور 306 خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح کل 4586 زراعتی مزدوروں میں سے 4071 مرد اور 515 خواتین  شامل تھیں۔

این سی آر بی کے مطابق 2018 میں خودکشی کے 134516 معاملے سامنے آئے جو 2017 کی مقابلے 3.6 فیصد زیادہ ہیں۔ اس سال خودکشی  کی شرح 2017 کے مقابلے 0.3 فیصد بڑھ گئی۔ خودکشی کی شرح فی شخص ایک لاکھ پر ہونے والی خودکشی  ہیں۔این سی آر بی نے حال ہی میں جاری رپورٹ میں کہا، ‘ایسا قدم اٹھانے والی کل (42391) خواتین میں گھریلو خواتین 54.1 فیصد یعنی (22937) ہیں۔ ایسا قدم اٹھانے والے کل لوگوں میں وہ تقریباً 17.1 فیصد ہیں۔’

رپورٹ کے مطابق، ‘1707 سرکاری اہلکار نے خودکشی کی، جو خودکشی کرنے والے کل لوگوں میں 1.3 فیصد ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر میں نوکری کرنے والے 5246 لوگوں نے خودکشی  کی جو کل تعداد  کا 6.1 فیصد ہے۔’اس کے مطابق، ‘پبلک سیکٹر کے 2022 اہلکاروں  نے خودکشی کر لی جو کل تعداد  کا 1.5 فیصد ہے۔ ایسا قدم اٹھانے والے اسٹوڈنٹس اور بے روزگاروں کی تعداد بالترتیب : 10159 اور 12936 ہیں جو کل تعداد  کا بالترتیب: 7.6 اور 9.6 فیصد ہیں۔’

رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 17972 خودکشی  کے معاملے سامنے آئے۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں 13896، مغربی  بنگال میں 13255،مدھیہ پردیش میں 11775 اور کرناٹک میں 11561 خودکشی کے معاملے سامنے آئے۔ سال 2018 میں ان پانچوں ریاستوں  میں ہوئی خودکشی  کل خودکشی  کا 50.9 فیصد ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)