خبریں

اب تک 6000 کروڑ روپے کے انتخابی بانڈ بیچے جا چکے: اے ڈی آر

ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس نے اپنے تجزیے میں بتایا ہے کہ 12 مرحلوں کے دوران بیچے گئے 12313 بانڈس میں سے 6524 بانڈس (45.68 فیصدی)ایک کروڑ کی قیمت کے تھے جبکہ 4877 بانڈس (39.61 فیصدی) 10 لاکھ روپے کی قیمت کے تھے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: انتخابی بانڈ کی اسکیم  لائے جانے سے اب تک 6128.72 کروڑ روپے کے کل 12313 انتخابی بانڈ بیچے گئے تھے۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اےڈی آر) نے ایک تجزیے میں یہ بتایا ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، ان میں سے 6108.47 کروڑ روپے کے 12173 بانڈ کوسیاسی پارٹیوں  نے طے مدت کے اندر بھنا لیا۔

اے ڈی آر کے ذریعے دائر آر ٹی آئی سے ملی جانکاری کے مطابق، سب سے زیادہ  بانڈس ممبئی میں بیچے گئے۔ وہاں 1879.96 کروڑ روپے کے 2899 بانڈس بیچے گئے جو کہ کل بیچے گئے بانڈ کا 30.67 فیصدی ہے۔ممبئی کے بعد کولکاتہ میں 1440.337 کروڑ روپے (23.50 فیصدی)کے 3478 بانڈ بیچے گئے اور 918.58 کروڑ روپے (15 فیصدی) کے 1630 بانڈس نئی دہلی میں بیچے گئے۔

اعداد وشمارسے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ بارہ مرحلوں کے دوران 6108.47 کروڑ روپے کے 12173 بانڈ بھنائے گئے تھے اور انتخابی بانڈ کی کل قیمت کا 59.20 فیصدی صرف دو مہینوں مارچ (آٹھویں مرحلے)اور اپریل (نوویں مرحلے) میں بھنایا گیا تھا۔

اے ڈی آر کے تجزیےمیں کہا گیا، سب سے زیادہ  قیمت کے بانڈس پچھلے سال اپریل میں نوویں مرحلے کے دوران بھنائے گئے، جس میں 2251.32 کروڑ (36.86 فیصدی)کے 4607 بانڈ بھنائے گئے۔ اس کے بعد پچھلے سال مارچ میں آٹھویں مرحلے کے دوران 1364.69 کروڑ (22.34 فیصدی)کے 2738 بانڈس بھنائے گئے اور اس کے بعد پچھلے سال مئی میں 819.26 کروڑ (13.41 فیصدی)کے 1153 بانڈس بھنائے گئے۔

اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ 12 مرحلوں کے دوران بیچے گئے 12313 بانڈس میں سے 6524 بانڈس (45.68 فیصدی) ایک کروڑ کی قیمت کے تھے جبکہ 4877 بانڈس (39.61 فیصدی) 10 لاکھ روپے کی قیمت کے تھے۔