الٰہ آباد کی اتر پردیش راجرشی ٹنڈن یونیورسٹی میں شہریت ترمیم قانون (سی اے اے)، آرٹیکل 370 اور 35اے پر تین مہینے کا سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا گیا ہے۔ اس کورس کا مقصد لوگوں کو اس کے بارے میں بیدار کرنا ہے۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے الٰہ آباد میں اتر پردیش راجرشی ٹنڈن یونیورسٹی میں شہریت ترمیم قانون (سی اے اے)، آرٹیکل 370 اور 35اے کو لےکر تین مہینے کا سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا گیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس کورس کے ذریعے نئے قانون کے بارے میں بیداری لانے کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔ اس کورس کا نام ‘ اویئرنس پروگرام ان سٹیزن شپ ایکٹ (اے پی سی اےاے) ‘ رکھا گیا ہے۔ اس کو نافذ کر دیا گیا ہے۔
اس کورس میں داخلہ کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ انٹر پاس کوئی بھی طلبا اس کورس میں داخلہ لے سکتا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کامیشور ناتھ سنگھ نے کہا کہ جنوری سے شروع ہوئے اس کورس میں کئی طالب علموں نے پہلے ہی داخلہ لے لیا ہے۔ اس کورس کا مقصد شہریت قانون کو لےکر بیداری لانا ہے۔
سنگھ نے کہا، ‘ شہریت قانون ایک عوامی مدعا اور ملک کا قانون ہے۔ اس کورس کا مقصد لوگوں کو اس کے بارے میں بیدار کرنا ہے۔ طالب علموں کو اس قانون کی ضرورت، قومی یکجہتی پر اس کے اثرات اور انضمام کو لےکر بیدار کیا جائےگا۔ کئی طالب علموں نے اس میں داخلہ لینا شروع بھی کر دیا ہے۔ ‘
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کامیشور ناتھ سنگھ کا کہنا ہے، ‘ ہماری یونیورسٹی میں وقت اور سماج کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے بیداری لانے کے مقصد سے کورس شروع کئے جاتے ہیں۔ ایسے ہی کچھ کورس ہوتے ہیں، جن کا امتحان نہیں ہوتا ہے۔ صرف اسائنمنٹ کی تشخیص کی بنیاد پر سند دی جاتی ہیں۔ موجودہ وقت میں ایسے دو موضوع ہیں شہریت قانون اور آرٹیکل 370۔ ‘
انہوں نے کہا، ‘ مرکزی حکومت نے پانچ اگست، 2019 کو جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 اور 35اے کو ردکر دیا تھا۔ ان دونوں مسئلوں کو لےکر تین مہینے کا بیداری کورس شروع کیا گیا ہے۔ یہ اپنی طرح کا پہلا کورس ہوگا۔ ‘ انہوں نے بتایا کہ نئے تعلیمی سیشن یعنی جنوری 2020 سے کورس نافذ کر دیا گیا ہے۔
ان دونوں کورس کے لئے داخلہ شروع ہو گیا ہے دونوں کورس میں انٹرمیڈیٹ یعنی 12ویں پاس طلباوطالبات کو داخلہ دیا جائےگا۔ تین مہینے کے اس کورس میں طلبا طالبات کو اسائنمنٹ دیا جائےگا۔ کورس پورا کرنے پر یونیورسٹی کی طرف سے سرٹیفیکٹ دیا جائےگا۔ اس کے لئے محض 500 روپے کی فیس طے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہریت قانون کورس کو پانچ حصوں میں بانٹا گیا ہے، جبکہ آرٹیکل 370 اور 35اے کورس کو چھے حصوں میں بانٹا گیا ہے۔
Categories: خبریں