خبریں

مہاراشٹر کے بعد راجستھان کے اسکولوں میں بھی 26 جنوری سے پڑھی جائے گی آئین کی تمہید

راجستھان کے وزیر تعلیم  گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ ملک  میں جس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے، اس میں ہمارے آئین بننے کی تمہید اور جذبات کی تشہیر سے ہی ہم ملک میں ہم آہنگی، اتحاد، سالمیت کو قائم رکھ سکتے ہیں۔

فوٹو: راجستھان حکومت@RajGovOfficial

فوٹو: راجستھان حکومت@RajGovOfficial

نئی دہلی: راجستھان کے وزیر تعلیم  گووند سنگھ ڈوٹاسرا گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ 26 جنوری سے ریاست کے اسکولوں میں پریئرمیں ہندوستانی آئین   کی تمہید بھی پڑھی جائے گی۔ڈوٹاسرا نے کہا کہ آئین کی تمہید کو اسکولوں میں پریئر کے وقت روزانہ پڑھنے کو نافذ کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ملک کی نئی پیڑھی، ہمارے طلبا میں قومی اتحاد، سالمیت، سبھی مذاہب  کے احترام  کے آئین کے جذبات ہمیشہ قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے، اس میں ہمارے آئین بننے کی تمہید اور جذبات کی تشہیر سے ہی ہم ملک میں ہم آہنگی، اتحاد، سالمیت کو قائم رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راجستھان میں تعلیمی شعبہ میں اختراع کرتے ہوئے ترقی کی  اہم پہل کی گئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ معیاری تعلیم میں دوسرے مقام پر رہنے والی ہماری ریاست سبھی کے تعاون  سے ایک نمبر پر آئے۔ انہوں نے اس کے لیے رضاکارانہ اداروں  اور این جی اوسے تعاون کرنے  کی اپیل  کی۔

اس سے پہلے مہاراشٹر کی وزیر تعلیم ورشا گایک واڑ نے کہا تھا کہ 26 جنوری سے سبھی اسکولوں میں روزانہ  صبح کی پریئر کے بعد آئین کی تمہید لازمی طورپر پڑھی  جائے گی۔گایک واڑ نے کہا تھا، ‘طلبا آئین  کی تمہید پڑھیں گے تاکہ وہ اس  کی اہمیت جانیں۔ حکومت  کی یہ کافی پرانی تجویز ہے لیکن ہم اس کو  26 جنوری سے نافذ کریں گے۔’

بتا دیں کہ، مہاراشٹرحکومت  کا یہ فیصلہ  ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک  بھر میں شہریت ترمیم قانون (سی اے اے ) اور ملک گیر مجوزہ این آرسی کے خلاف مظاہرے  ہو رہے ہیں اور ان میں بڑے پیمانے پر لوگ آئین کی تمہید  پڑھ رہے ہیں۔ وہ آئین کی تمہید کے بڑے بڑے پوسٹر بینر بھی ان مظاہروں  میں استعمال کر رہے ہیں۔

راجستھان میں جہاں کانگریس کی اکثتریت کی حکومت ہے وہیں مہاراشٹر میں شیو سینا کی قیادت والی حکومت کانگریس اور این سی پی اتحاد کا حصہ ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)