دہلی کی عوام نے ان رہنماؤں اور امیدواروں کو خارج کر دیا جنہوں نے اس انتخاب کے دوران یا اس سے پہلے متنازعہ بیان دیے تھے۔
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخاب میں لوگوں نے عام آدمی پارٹی کو ایک بار پھر بڑا مینڈیٹ دیا اور اس کے ساتھ ہی ان رہنماؤں اور امیدواروں کو خارج کر دیا جنہوں نے اس انتخاب کے دوران یا اس سے پہلے متنازعہ بیان دیے تھے۔ اس سلسلے میں سب سے اہم نام بی جے پی رہنما کپل مشرا کا ہے جن کو ماڈل ٹاون سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
‘ گولی مارو ‘ کا نعرہ اور ‘ ہندوستان بنام پاکستان ‘ سے متعلق بیان دینے والے مشرا کو عام آدمی پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے اکھلیش پتی ترپاٹھی نے 11133 ووٹوں سے شکست دی ۔ مشرا پہلے عام آدمی پارٹی میں تھے اور پچھلی بار کراول نگر سے ایم ایل اے بنے تھے۔ شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے لوگوں کے خلاف نکالے گئے مارچ میں مشرا نے ‘ ملک کے غداروں کو، گولی مارو… کو ‘ کے نعرے لگائے تھے۔
یہی نہیں، ووٹنگ سے کچھ دن پہلے مشرا نے ٹوئٹ کرکے اس انتخاب کو ‘ ہندوستان بنام پاکستان کا مقابلہ ‘ قرار دیا تھا۔ ان کے اس بیان کو لےکر تنازعہ کھڑا ہوا تھا اور الیکشن کمیشن نے ان کو کچھ دن کے لئے تشہیر سے روک دیا تھا۔
मैंने जो कहा CAA के विरोधियों के बारे में या शाहीन बाग के बारे में – उस पर आज भी कायम हूँ, डंके की चोट पर
चुनाव परिणाम आज प्रतिकूल आया हैं,
कल अनुकूल भी आएगाऔर मेहनत करेंगे 🙏
पर इस परिणाम से , CAA या शाहीन बाग पर सोच बदल लेंगे, ये गलतफहमी मत पालिये https://t.co/BOOJZ76WF0
— Kapil Mishra (@KapilMishra_IND) February 11, 2020
ماڈل ٹاون میں ہارنے کے بعد مشرا نے ٹوئٹ کیا، ‘میں نے سی اے اے کے مخالفین کے بارے میں یا شاہین باغ کے بارے میں جو کہا، اس پر آج بھی قائم ہوں۔ ڈنکے کی چوٹ پر، انتخابی نتیجہ آج مخالف آیا ہے، کل موافق بھی آئےگا۔ ہم اور محنت کریںگے۔ پر اس نتیجہ سے، سی اے اے یا شاہین باغ پر سوچ بدل لیںگے، یہ غلط فہمی مت پالیے۔ ‘
شاہین باغ میں سی اے اے م کےخلاف مظاہرہ کو بڑھ-چڑھکر انتخابی مدعا بنانے والے اور وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو ‘ دہشت گرد ‘ بتانے والا بیان دینے والے بی جے پی رکن پارلیامان پرویش ورما کے چچا آزاد سنگھ کو منڈکا کی عوام نے خارج کر دیا۔ عام آدمی پارٹی کے دھرم پال لاکڑا نے آزاد سنگھ کو 19158 ووٹوں سے شکست دی۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے جس رٹھالا اسمبلی حلقہ میں تشہیر کے دوران ‘ ملک کے غداروں کو، گولی مارو… کو ‘ کا نعرہ لگوایا تھا، وہاں بھی بی جے پی امیدوار منیش چودھری کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ عآپ امیدوار موہندر گوئل نے چودھری کو 13873 ووٹوں سے شکست دی۔
سوشل میڈیا پر اکثر متنازعہ پوسٹ اور تبصرہ کرنے والے تیجندر پال سنگھ بگا کو بھی ہری نگر اسمبلی کی عوام نے خارج کر دیا۔ بی جے پی امیدوار بگا کو عآپ کے راج کمار ڈھلوں نے 20131 ووٹوں سے شکست دی ۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کےان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں