خبریں

سی اے اے کی مخالفت کرنے والے کورونا وائرس کی طرح خطرناک: یوگی آدتیہ ناتھ

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف پوری دنیا مل‌کر لڑ رہی ہے۔ سماج کو بھی سی اے اے کی مخالفت کر رہے لوگوں کو پہچاننا ہوگا اور ان کی حقیقت کو سب کے سامنے رکھنا ہوگا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی مخالفت کرنے والے مظاہرین کا موازنہ کورونا وائرس سے کیا ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ یوگی نے سوموار کو ایک پروگرام کے دوران راجدھانی لکھنؤ میں لگی سی اے اے مخالف مظاہرین کی تصویروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لوگ انسانیت کے دشمن ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے سی اے اے مخالفین کے پوسٹر اور ہورڈنگ لگوانے کو منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضروری تھا تاکہ عوام ایسے لوگوں کے چہرے پہچان سکے، جو سماج کے لئے کام کرنے کا دکھاوا کرتے ہیں لیکن اصل میں وہ سماج کے دشمن ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک نیوز چینل سے کہا، ‘ کورونا وائرس کے خلاف پوری دنیا مل‌کر لڑ رہی ہے اور پورے سماج کو ایسے لوگوں کو پہچاننا ہوگا اور ان کی حقیقت کو سماج کے سامنے رکھنا ہوگا۔ دونوں سماج کے لئے خطرناک ہے اور دونوں کے خلاف مل‌کر لڑنا ہوگا۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ ہرکوئی کورونا کو انسانیت کے دشمن کے طور پر دیکھتا ہے لیکن ایک دوسرا دشمن بھی ہے، جو این جی او اور تنظیموں کے پیچھے چھپا ہے اور سماج کے لئے کام کرنے کا دکھاوا کرتا ہے لیکن وہ لوگ اصل میں کیا کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور اصل میں کیا کر رہے ہیں، اس کے بیچ ایک بڑا فرق ہے۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ سی اے اے مخالفین کے پوسٹر لگاکر حکومت نے کسی کی امیج خراب نہیں کی ہے اور نہ ہی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کے چہرے میڈیا میں توڑ-پھوڑ کرتے، تشدد پھیلاتے پہلے ہی آ چکے ہیں۔ ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ یہ خود سماج کی جان کے لئے خطرہ ہے۔ ان کے خلاف پختہ ثبوت ہے۔ ‘یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جو کوئی بھی قانون کا مذاق اڑائے‌گا، اس کو انجام بھگتنا پڑے‌گا۔