خبریں

ہندوستان کی مدد کے لیے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ ستاروں کا مشترکہ کنسرٹ

کورونا وائرس کی وبا سے ہندوستان  میں متاثرین کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے اتوار کو ایک آن لائن کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے متعدد ستاروں نے حصہ لیا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :’آئی فار انڈیا‘ نامی اس پروگرام کو 70سے زائد ملکوں میں لاکھوں افراد نے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر فیس بک پر دیکھا۔ اس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے علاوہ ہندوستانی  کرکٹ کی اہم شخصیات نے حصہ لیا، ناظرین کی تفریح کی اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی مدد کرنے کی اپیل کی۔

تقریباً پانچ گھنٹے تک چلنے والے اس پروگرام کا مقصد ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے روزگار سے محروم ہوجانے والے افراد او ر مریضوں کے علاج کے لیے پیسے اکٹھا کرنا تھا۔ بالی ووڈ کے ہدایت کار کرن جوہر اور زویا اختر کی پہل پر منعقدہ اس کنسرٹ کو ہندوستان  میں سب سے بڑا ’ہوم ٹوہوم‘ پروگرام قرار دیا جارہا ہے۔

اس کنسرٹ میں بالی ووڈ کے جن اہم ستاروں نے حصہ لیا ان میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اکشے کمار، انل کپور، عامر خان، شبانہ اعظمی، رنویر سنگھ، کترینا کیف، پرینکا چوپڑہ، انوشکا شرما، سیف علی خان، کرینا کپور، رانی مکھرجی، عالیہ بھٹ، آیوشمان کھرانہ، ابھیشک بچن، ایشوریہ رائے، مادھوری دیکشت، دیا مرزا، ٹوئنکل کھنہ جیسے فنکار شامل تھے۔ ہندوستانی  کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس میں حصہ لیا۔

ہالی ووڈ کے ستاروں میں ول اسمتھ، جیک بلیک، کیٹ یوس ورتھ کے علاوہ گلوکار میک جیگر، جوئے جوناس اور کناڈیائی سنگر برین ایڈمس نے بھی ناظرین کو محظوظ کیا۔

ول اسمتھ اور میک جیگر نے ہندوستان  میں لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگار ہوجانے والے مہاجر مزدوروں کی پریشانیوں کے بارے میں باتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ شہری علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور اس وقت ان کے پاس کوئی روزگار نہیں ہے۔ میک جیگر نے کہا”ہوسکتا ہے کہ ایسے لوگ اور ان کے خاندان بھوک سے بے حال ہوں، آپ سے جس قدر ممکن ہو مدد کریں۔“

شاہ رخ خان اپنے بیٹے ابرام خان کے ساتھ اس آن لائن پروگرام میں شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں ناظرین کی تفریح کی اور ایک گانا بھی گایا۔ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے اپنے مداحوں سے امدادی فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی۔ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راو نے ناظرین سے کووڈ انیس کی جنگ میں اپنے حوصلے بلند رکھنے اور امیدیں قائم رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے گیت بھی سنائے۔

شبانہ اعظمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری دنیا ایک ساتھ مل کر عالمگیر وبا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’ایک نئی دنیا‘ سامنے آئے گی۔ نغمہ نگار جاوید اختر نے اپنی نظم ’بھوک‘ سنائی اور لوگوں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ کوئی بھوکا نہ مرے۔

فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے انل کپور نے کہا کہ ’آپ سب سپر ہیرو ہیں کیوں کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے آپ سب اپنے اپنے گھروں پر رہ رہے ہیں۔“

گلوکار سونو نگم، شیریا گھوشال، پپون، سنیدھی چوہان، بی پارک، ہرش دیپ کور، لیزا مشرا  اور آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان نے نغموں سے سامعین کو محظوظ کیا جب کہ استاد ذاکر علی خان، سردو نواز استاد امجد علی خان اور ان کے بیٹے امان علی او رایان علی بنگش نے کلاسیکی موسیقی کے رنگ بکھیرے۔

خیال رہے کہ ہندوستان  میں دومرحلوں میں چالیس روزہ لاک ڈاؤن کے اختتام پر آج سے چودہ دن کے لیے تیسرے مرحلے کے لاک ڈاؤن کا آغا ز ہوگیا ہے لیکن اس کے باوجودکورونا وائرس کی وبا سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔