خبریں

پچھلے 24 گھنٹے میں کووڈ 19 کے ریکارڈ معاملے درج، ٹھیک ہو نے کی شرح تقریباً 31 فیصدی: وزارت صحت

وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق، ملک میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کو رونا وائرس کے ریکارڈ 4213 معاملے سامنے آئے ہیں، جو ایک دن کی سب سے زیادہ تعداد ہے اور انفیکشن کے کل معاملے بڑھ کر 67152 ہو گئے ہیں۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ملک میں پچھلے24 گھنٹوں میں کو رونا کے ریکارڈ4213 معاملوں کااضافہ ہواہے، جو کہ ایک دن کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد ملک میں کو رونا کے کل معاملے بڑھ کر 67152 ہو گئے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق، کورونا سے ٹھیک ہوئے مریضوں کی تعداد میں سب سے زیادہ  اچھال آیا ہے۔ملک میں کو رونا کے متحرک  معاملے 44029 ہو گئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں  کی تعداد 2206 ہو گئی ہے۔

وزارت  کا کہنا ہے کہ 20196 مریض کو رونا سے ٹھیک ہو گئے ہیں اور انہیں ڈسچارج کر دیا ہے۔دی  ہندو کی رپورٹ کے مطابق، اس دوران علاج کے بعد 1511 مریض اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے جس کے بعد ری کوری کی کل شرح 30.76 فیصدی ہو گئی ہے۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر)کا کہنا ہے کہ اب تک 1609037 سیمپل کی جانچ کی گئی ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ریاستوں اور یونین ٹریٹری  سے کو رونا کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا۔مغربی بنگال میں کو رونا سے 14 اور موتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ریاست  میں مرنے والوں  کی تعداد بڑھ کر 113 ہو گئی ہے۔ ان 14 موتوں میں سے اکیلے کولکاتہ میں 10 موت ہوئی ہے۔ ریاست  میں کو رونا کے 153 نئے معاملے بھی سامنے آئے ہیں، جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی سوموار کو مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ  کے ساتھ بیٹھک سے پہلے کابینہ  سکریٹری راجیو گوبا نے کو رونا کی صورت حال کو لےکر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سبھی ریاستوں  اور یونین ٹریٹری  کے چیف سکریٹری  اورداخلہ سکریٹری  سے بات کی تھی۔گوبا نے بتایا کہ ریلوے نے 3.5 لاکھ مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی کے لیے 350 شرمک اسپیشل ٹرینیں چلائیں۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، کو رونا کے متحرک مصدقہ معاملوں کی بنیاد پر ہمیں پتہ چلا ہے کہ ان میں سے صرف 2.48 فیصدی معاملوں میں ہی آئی سی یو کی ضرورت ہے، صرف 1.94 فیصدی معاملوں کو ہی آکسیجن کی ضرورت ہے، جبکہ 0.40 فیصدی معاملوں میں ہی وینٹی لیٹر سپورٹ کی ضرورت ہے۔

اس بارے میں مرکزی  وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ دنیا بھر کے 20 ممالک میں جہاں کو رونا کے سب سے زیادہ معاملے درج ہوئے ہیں، وہاں کی کل آبادی ہندوستان کی آبادی(135 کروڑ)کے لگ بھگ برابر ہے اور ان ممالک میں اب تک کے مجموعی  معاملے ہندوستان  کے مقابلے لگ بھگ 84 گنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موت کی شرح کے معاملے میں ان ٹاپ 20 ملکوں میں ہندوستان  میں موت کی تعداد کے مقابلے200 گنا زیادہ موتیں ہوئی ہیں۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا،‘مرکزی حکومت نے اب تک ریاستوں کو 72 لاکھ این 95 ماسک اور 36 لاکھ پی پی ای کٹ بھیجی ہے۔ ریلوے نے 5231 کوچوں کو کووڈ کیئر سینٹرس میں تبدیل کیا ہے۔’