آسام کے رینگونی چینل پرنشر ہونے والے سیریل‘بیگم جان’پر لو جہاد کو بڑھاوا دینے کا الزام لگاکر دو مہینے کی پابندی لگا دی گئی تھی۔ گوہاٹی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ دوسرے فریق کو سنے بنا یک طرفہ طور پر یہ پابندی لگائی گئی تھی۔
نئی دہلی: گوہاٹی ہائی کورٹ نے آسام کے ٹی وی سیریل‘بیگم جان’پرمبینہ طور پر لو جہاد کو بڑھاوا دینے کے الزام میں اس پر لگائی گئی دو مہینے کی پابندی ہٹا دی ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، جسٹس سمن شیام کی بنچ نے سیریل سے پابندی کوہٹا دیا ہے۔
بنچ نے پایا کہ نگرانی کمیٹی نے متاثرہ فریقین کو سنے بنا اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس (ریگولیشن)ایکٹ 1994 کے تحت ضابطہ کی پیروی کیے بنا سیریل پر پابندی لگا دی تھی۔عدالت نے رینگونی ٹی وی کے مالک اے ایم پرائیویٹ ٹیلی ویژن لمٹیڈ کی عرضی پر یہ فیصلہ دیا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ چینل کے منیجنگ ڈائریکٹر کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی بھی مواد جو مذہبی جذبات کومجروح کرنے والا ہو، اس کو ٹیلی کاسٹ ہونے سے پہلے ہی ہٹا دینا چاہیے۔ٹی وی چینل کے وکیل ایس شرما نے کہا، ‘نگرانی کمیٹی میں میڈیا سے کوئی نمائندہ نہیں تھا۔’
گوہاٹی ہائی کورٹ نے کہا، ‘یکطرفہ طریقےسےسیریل کےٹیلی کاسٹ پر پابندی لگاناصاف طور پرمناسب نہیں ہے۔ عرضی گزاروں کو اپنی بات رکھنے،یا ایسا کرنے کے لیے کوئی ٹھوس وجہ بتانے کا بھی موقع نہیں دیا گیا۔’حالانکہ، ریاستی حکومت نے اتفاق کیا کہ نگرانی کمیٹی اس کے تازہ گائیڈ لائن کے تحت نہیں بنی تھی، جس کا مطلب ہے کہ کمیٹی غیرقانونی ہو سکتی ہے۔
بتا دیں کہ اس سے پہلے شہر کے پولیس چیف کی قیادت میں 10 رکنی کنٹیٹ نگرانی کمیٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے سیریل پر دو مہینے کی پابندی لگا دی تھی۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس سیریل سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔سیریل پر دو مہینے کی پابندی لگانے کے بعد سیریل کی مرکزی اداکار پریتی کونگنا کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا تھا۔ ان پر ایسڈ اٹیک کرنے اورریپ کی دھمکیاں دی گئیں تھی۔
اس معاملے میں گوہاٹی پولیس کی جانب سے کسی طرح کی کارروائی نہیں کرنے کو لےکر اس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔رینگونی ٹی وی چینل پر نشر کیاجانے والا یہ سیریل ایک ایسی ہندو لڑکی کے بارے میں ہے، جو ایک مسلم نوجوان کی مدد سے سماج سے لڑتی ہے۔
یہ شو اس سال جولائی میں ہی شروع ہوا تھا اور تبھی سے یہ تنازعہ میں ہے۔آر ایس ایس سے وابستہ ہندو جاگرن منچ اور ادیگر گروپ اس سیریل کے ٹیلی کاسٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس شو پر مکمل پابندی کو لےکر مخالفت کی گئی تھی۔
Categories: خبریں